مٹھی بھر ناجائز منافع خوروں کو 10 کروڑ عوام کے مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی:شہباز شریف

جمعرات 12 مارچ 2015 17:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ مٹھی بھر ناجائز منافع خوروں کو 10 کروڑ عوام کے مفاد سے کھیلنے کی اجازت نہیں دی جا سکتی۔ عام آدمی کے مفاد کا تحفظ حکومت کی ذمہ داری ہے جسے وہ ہر صورت پورا کرے گی۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت عوام کے مفادات کے تحفظ اور انہیں ریلیف کی فراہمی کیلئے کوئی کسر اٹھا نہ رکھے گی- عوام کو ریلیف کی فراہمی پر کئے جانے والے اقدامات پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا-وہ آج ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں پرائس کنٹرول کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کر رہے تھے جس میں عوام کو ویجیٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئی قیمتوں پر عملدرآمد اور اس ضمن میں کئے جانے والے اقدامات کا جائزہ لیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ناجائز منافع خوری یا ذخیرہ اندوزی کرنے والے بڑے مگرمچھوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی کی جائے۔

(جاری ہے)

ناجائز منافع خوری کی آڑ میں جو عوام کا استحصال کرے گا وہ جیل جائے گا۔ وزیراعلی نے ویجیٹیبل آئل اور گھی کی مقررکردہ نئے نرخوں پر فروخت یقینی بنانے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب بھر میں نئی قیمتوں کا اطلاق فی الفور یقینی بنایا جائے اور مصنوعی قلت پیدا کرنے والوں کے خلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔

خلاف ورزی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہ برتی جائے۔ناجائز منافع خوری کی آڑ میں لوٹ مار کسی صورت قبول نہیں- وزیراعلیٰ نے ویجیٹیبل آئل اور گھی کی نئی قیمتوں کا اطلاق یقینی بنانے کیلئے صوبائی سطح پر کمیٹی تشکیل دی جو ویجیٹیبل آئل اور گھی کی نئی قیمتوں پر عملدرآمد یقینی بنانے کیلئے اقدامات اٹھائے گی۔ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں کو عام آدمی کی پہنچ میں رکھنے کیلئے تسلسل کے ساتھ جامع میکانزم پر عملدرآمد مستقبل میں بھی جاری رکھا جائے گا اور عوام کو سستے داموں معیاری اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا۔

وزیراعلی نے ہدایت کی کہ ناجائز منافع خوری اور اوورچارجنگ میں ملوث افراد کے خلاف کریک ڈاؤن جاری رکھا جائے اور ناجائز منافع خوری میں ملوث عناصر کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے- عوام کو ناجائز منافع خوروں کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑا جا سکتا- وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران لاہور ڈویژن میں موثر اقدامات کرنے پر کمشنر لاہور ڈویژن اور ڈی سی او کی کارکردگی کی تعریف کی۔

سیکرٹری صنعت نے آئل اور گھی کی نئی قیمتوں اور اس ضمن میں اٹھائے جانے والے اقدامات کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی- صوبائی وزراء بلال یاسین، فرخ جاوید، ایم پی اے ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، چیف سیکرٹری، متعلقہ سیکرٹریز، کمشنر لاہور ڈویژن، ڈی سی او لاہور اورمتعلقہ حکام نے ویڈیو لنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ سے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں