انڈسٹریل گیس کی قیمتوں میں مجوزہ اضافے کو روکا جائے:وزیر زراعت کی وفاقی حکومت کو سفارش

جمعرات 12 مارچ 2015 17:10

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12مارچ۔2015ء) ۔صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے انڈسٹریل گیس کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کے کھاد کی انڈسٹری پر برے اثرات کے پیش نظر وفاقی حکومت کو سفارش کی ہے کہ قیمتوں میں تجویزکردہ اضافہ روکا جائے۔ ڈاکٹر فرخ جاوید نے وفاقی وزارت خزانہ اور وزارت پٹرولیم کے نام خط میں سفارش کی ہے کہ انڈسٹریل گیس کی قیمتوں میں تجویز کردہ اضافے کے فیصلہ پر نظر ثانی کی جائے تاکہ یوریا کھاد کی قیمتوں کو متوازن رکھا جاسکے۔

انہوں نے کہا ہے کہ ہمارا کسان زرعی مداخل کی قیمتوں میں اضافہ برداشت کرنے کی سکت نہیں رکھتا اوراسے پہلے ہی اپنی چاول اور کپاس کی فصلوں کی درست قیمت نہیں مل سکی۔ ایسے میں اگر یوریا مزید مہنگا ہوا تو کاشتکار شدید معاشی دباوٴ کا شکار ہو گا اور ملکی زرعی شعبہ اس کا متحمل نہیں ہو سکتا۔

(جاری ہے)

وزیر زراعت پنجاب نے وفاقی حکومت سے سفارش کرتے ہوئے کہا ہے کہ قدرتی گیس کھاد کی تیاری میں بنیادی حیثیت رکھتی ہے، اس کی قیمت میں اضافے سے یوریا کھاد کی قیمتوں میں 200روپے فی بیگ تک اضافہ ہونے کا خدشہ ہے جو خطرے کی گھنٹی ہے۔

انہوں نے کہا ہے کہ خریف سیزن میں چاول اور کپاس کی بوائی کا وقت قریب ہے اور ایسے میں یوریا کھاد کی قیمتوں میں ممکنہ اضافے کی خبر سے کاشتکاروں میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے کسان کو پڑوسی ممالک کی نسبت مہنگے زرعی مداخل برداشت کرنا ہوتے ہیں اور یوریا کھاد کی قیمتوں میں اضافہ انہیں بین الاقوامی منڈیوں میں مقابلے کے قابل نہیں چھوڑے گا۔ اسلئے یوریا کھادتیار کرنے والی فیکٹریوں کو انڈسٹریل گیس کی قیمتوں میں تجویز کردہ اضافے سے بچاکر کسان کی ریلیف دیا جائے۔ڈاکٹر فرخ جاوید نیسفارش کی ہے کہ وفاقی حکومت اپنے فیصلے پر نظر ثانی کرے اور کسان کو نئے بوجھ میں مبتلا ہونے سے بچائے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں