نرسنگ کالج میں داخلے کی 20سیٹوں کے لیے 382 نرسیں میدان میں آگئیں،

ڈگری پروگرام کی مدت دو سال ہوگی، انٹری ٹیسٹ کل (ہفتہ) یوایچ ایس میں ہوگا

جمعرات 12 مارچ 2015 23:16

لاہور ( اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 12 مارچ 2015ء) پوسٹ گریجویٹ کالج آف نرسنگ پنجاب رواں برس سے پہلی مرتبہ پوسٹ آر این ڈگری پروگرام (بی ایس سی نرسنگ) شروع کررہا ہے۔ مذکورہ کورس کی 20نشستوں کے لیے 382نرسوں نے داخلہ درخواست فارم جمع کروادیئے ہیں۔ داخلوں کے لیے انٹری ٹیسٹ کل مورخہ 14مارچ بروز ہفتہ صبح 10بجے یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز میں منعقد ہوگا۔

(جاری ہے)

اس بارے میں کالج کی پرنسپل کوثر پروین نے بتایا کہ بی ایس سی نرسنگ کورس کی مدت دو سال ہوگی اور انٹری ٹیسٹ پاس کرنے والے امیدواروں کو میرٹ کی بنیاد پر اس پروگرام میں داخلہ ملے گا۔ کوثر پروین نے کہا کہ وزیراعلی شہباز شریف کی ہدایت پر مذکورہ بالا شروع کیے جانے والے کورس کے نتیجے میں نرسوں کو اپنے شعبے میں اعلی تعلیم حاصل کرنے اور اپنے علم کو اپ ڈیٹ کرنے کا موقع ملے گا۔ انہوں نے کہاکہ بی ایس سی کرنے والی نرسیں اپنے علم و تجربے و مہارت کی وجہ سے بیماریوں کے خلاف جدوجہد میں اپنا کردار بہتر طریقے سے انجام دے سکیں گی اور نت نئے امراض اور وباوٴں کا مقابلہ کرنے میں اپنا کلیدی کردار نبھائیں گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں