شفقت حسین کی پھانسی پر عملدرآمد رکوانے کے لیے کارروائی کی جائے‘ کمیشن برائے انسانی حقوق

جمعہ 13 مارچ 2015 19:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء)کمیشن برائے انسانی حقوق (ایچ آر سی پی) نے وزیراعظم اور وزیرداخلہ سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ سزائے موت کے قیدی شفقت حسین کی زندگی بچانے کے لیے آگے بڑھیں کیونکہ شفقت حسین کو جس جرم کی سزا دی گئی ہے، اس کے سرزد ہونے کے وقت اس کی عمر14برس تھی۔23سالہ شفقت حسین اس وقت سنٹرل جیل کراچی میں بند ہے اور اسے 19مارچ کو تختہ دار پر لٹکانے کے وارنٹ جاری کردیئے گئے ہیں۔

(جاری ہے)

ایچ آر سی پی نے اپنے خط میں کہا ہے کہ وزیرداخلہ نے جنوری میں شفقت حسین کی پھانسی پر عملدرآمد رکوانے کے لیے مداخلت کی تھی اور پارلیمان میں کہا تھا کہ ”حکومت شفقت حسین کے مقدمے سے متعلقہ معلومات سے آگاہ ہونے کے بعد اس کی پھانسی کو ملتوی کرنے کے نتیجے پر پہنچی ہے“۔ موصوف وزیر نے یہ بھی کہا کہ شفقت کی سزایابی سے جنم لینے والے تحفظات کا جائزہ لینے کے لیے وقوعے کی دوبارہ تحقیقات کی جائے گی۔ کمیشن نے کہا کہ تاحال ایسی کوئی تحقیقات نہیں ہوئی اور شفقت حسین اب 19مارچ کو پھانسی پانے کا منتظر ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں