حکمران امن وامان پر توجہ دینے کی بجائے اپنے بنک اکاوٴنٹس اور اثاثوں میں اضافہ کرنے میں مصروف ہیں، محمد جمیل

جمعہ 13 مارچ 2015 19:52

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔13مارچ۔2015ء ) پاکستان جمہوری اتحاد کے مرکزی صدر محمد جمیل نے کہا ہے کہ ملک میں امن وامان کی صورتحال انتہائی تشویشناک ہے اور کسی کی بھی جان ومال اور آبرومحفوظ نہیں،حکمران امن وامان پر توجہ دینے کی بجائے اپنے بنک اکاوٴنٹس اور اثاثوں میں اضافہ کرنے میں مصروف ہیں،آج یہاں پارٹی عہدیداران کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہاچور اور چوکیدار آپس میں ملے ہوئے ہیں اور ملی بھگت سے قومی وسائل لوٹے جارہے ہیں،پنجاب میں قتل وغارت گری،ڈاکہ زنی،لوٹ مار،راہزنی اور دیگر سنگین جرائم میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے اور عام شہری عدم تحفظ کا شکار ہیں،سندھ میں بھی یہی صورتحال ہے، بلوچستان میں آئے روز پنجاب سے تعلق رکھنے والے افراد کا اغواور قتل پوری قوم کیلئے لمحہ فکریہ ہے، وفاقی اور صوبائی حکومتیں عملاً ناکام نظر آرہی ہیں اورپورے ملک میں انصاف نام کی کوئی چیز نہیں،قانون نافذکرنیوالے ادارے اور پولیس ماسوائے رشوت کے کوئی کارنامہ انجام نہیں دے رہے،انہوں نے کہاخادم اعلیٰ پنجاب کا کوئی دعویٰ بھی درست ثابت نہیں ہوسکا،محکمہ مال میں رشوت کی شرح پہلے سے بھی بڑھ گئی ہے اورقبضہ مافیا نے لوگوں کا سکھ چین لوٹ لیا ہے، مسلم لیگ(ن) کے اراکین اسمبلی میگا کرپشن کے عوض محکمہ مال کے افسران سے بھتہ لے رہے ہیں اور صوبہ بھر میں قیمتی سرکاری ونجی اراضی پر ڈنکے کی چوٹ پر قبضے کئے جارہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں