بلدیاتی انتخابات، امیدواروں کیلئے تحریک انصاف کے پارلیمانی بورڈکی تشکیل،

پارٹی ٹکٹ کے اُمید واروں کی سفارشات ضلعی قیادت کو بھجوائی جائیں گی‘عبدالعلیم خا ن

جمعہ 13 مارچ 2015 21:04

لاہو ر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔13مارچ۔2015ء ) تحریک انصاف نے ٹاؤن کی سطح پر بلدیاتی انتخابات کے امیدواران کے انتخاب کیلئے بورڈ تشکیل دینے کا فیصلہ کیا ہے جن میں پاکستان تحریک انصاف کے ٹکٹ ہولڈر یونین کونسل کی منتخب باڈی اور تحریک انصاف کے عہدیداران شامل ہونگے اور وہ ہر یونین کونسل کی سطح پر اُمیدواروں کے ناموں کی سفارشات ضلع قیادت کو بھجوائیں گے ۔

اس کا فیصلہ عبدالعلیم خان ضلع صدر پاکستان تحریک انصاف کی زیر صدارت لاہور آفس میں کینٹ ٹاؤن کے عہدیداران کے اجلاس میں کیا گیا۔ عبدالعلیم خان پارٹی کے عہدیداران کو ہدایت کی کہ وہ اپریل میں منعقدہ کنٹو نمنٹ بورڈ کے بلدیاتی انتخابات میں بھر تیاری کے ساتھ شرکت کریں ،انشاء اللہ فتح پہلے کی طرح پاکستان تحریک انصاف کے قدم چومے گی ،نواز لیگ جو لاہور کو اپنا قلعہ کہتی ہے وہ اپنی ناقص کارکردگی کی وجہ سے شکست فاش ہو گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کنٹونمنٹ کی فتح کے بعد اس کے تسلسل کو قائم رکھتے ہوئے ستمبر کے بلدیاتی انتخابات پنجاب بھر میں فتح کی نوید لائیں گے ۔ انہوں نے یونین کونسل کی سطح پر پارٹی عہدیداران کو آگے لانے اور الیکشن لڑنے کا موقع فراہم کرنے کا اعلان کیا ۔عبدالعلیم خان نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کے شعبہ خواتین ،عمران ٹائیگر فورس اور انصاف سٹوڈنٹس فیڈریشن سمیت پارٹی کے دیگر شعبہ جات کو بھی بلدیاتی انتخابات کی ٹکٹوں کیلئے ترجیح دی جائے،ماضی میں کینٹ کے علاقوں سے تحریک انصاف کو شاندار کامیابی ملی لیکن ہمارے مینڈیٹ کو چرایا گیا۔

انہوں نے کہا کہ آج بھی کینٹ ٹاؤن پی ٹی آئی کا ہی قلعہ ہے یہاں مزید بہتر تیاری کے ساتھ الیکشن میں حصہ لینے کی حکمت عملی وضع کی جائے ۔عبدالعلیم خان نے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں عمران خان کی ہدایات اور پارٹی پالیسی کے مطابق ہر ٹاؤن میں نوجوان قیادت کو آگے لایا جائے گاجس کیلئے جمہوری انداز میں پارٹی قیادت سفارشات تیار کرے گی ۔کینٹ ٹاؤن کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے شعیب صدیقی نے کہا این اے 125اور پی پی 155اور پی پی 156میں تحریک انصاف بلدیاتی الیکشن کی بھر پور تیاری کر رہی ہے اور انشاء اللہ ہم تمام سیٹوں پر کلین سویپ کریں گے ۔اس موقع حافظ فرحت عباس ،فیصل بھٹی ،ناصر شاہد لودھی،آصف بشیر،فواد رسول بھلر،ڈا کٹر ثانیہ اور ارم بخاری بھی موجود تھے

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں