ایف سی کالج کے طلباؤ طالبات نے لاہور سٹاک ایکسچینج کا مطالعاتی دورہ

جمعہ 13 مارچ 2015 23:29

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔13مارچ۔2015ء ) فار مین کرسچین کالج ( ایف سی کالج ) کے طلباؤ طالبات نے لاہور سٹاک ایکسچینج کا مطالعاتی دورہ کیا جو فنانشل لٹریسی پروگرام کے تحت اس کالج کے ساتھ تیسرا سیشن تھا ۔ اس موقع پر لاہور سٹاک ایکسچینج نے ساوٴتھ ایشن فیڈریشن آف ایکس چینجز (سیف) کے اشتراک سے اس سیمینار کا انعقاد کیا جس کے مہمانِ خصوصی لاہور سٹاک ایکسچینج کے مینیجنگ ڈائریکٹر اور چیف ایگزیکٹو آفیسر اور ساؤتھ ایشین فیڈریشن آف ایکسچینجز کے سیکریٹری جنرل آفتاب احمد چوہدری تھے۔

سیمینار کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے لاہور سٹاک ایکسچینج کے کارپوریٹ کمیونیکیشن ڈیپارٹمنٹ کی مس گیتی بھٹی نے کہا کہ فنانشل لٹریسی پروگرام طلبہ و طالبات کو ملکی معیشت اور کیپٹل مارکیٹ سے آگاہی فراہم کرتاہے ۔

(جاری ہے)

اس سے طلباء و طالبات میں بچت کرنے اور اپنی رقوم کو سرمایہ کاری کرنے کا شعور پیدا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ قومی سطح پر یہ اپنی نوعیت کا واحد پروگرام ہے جس کا مقصد تعلیمی اداروں کے طلبہ و طالبات کو فنانشل لٹریسی پروگرام سے آگاہی فراہم کرنا ہے جس سے نوجوان نسل کو مستقبل میں معاشی ذمہ داریوں کو بھر پور طریقے سے نبھانے کے قابل بنانا ہے۔

اس پروگرام کے تحت سکولوں کالجوں اور یونیورسٹیوں میں جا کر طلباء و طالبات کی معاشی استعداد کار بڑھانا مثلا بچت کرنا سرمایہ کاری کرنا اور رقم کا صحیح استعمال کرنا شامل ہے۔ اس موقع پر شرکاء کو بتایا گیا کہ سٹاک ایکسچینج فنانشل لٹریسی پروگرام کے لیے پلیٹ فارم فراہم کر رہا ہے اور پاکستان کی آبادی کے فنانشل لٹریٹ ہونے سے حاصل ہونے والے بے تحاشہ معاشی فوائد کو مد نظر رکھتے ہوئے یہ پروگرام ملک کے نوجوانوں کی فنانشل لٹریسی کی اہلیت بڑھانے کی بنیاد بنے گاجو کہ پاکستان کے معاشی سسٹم کو مضبوط بنانے کی طرف ایک اہم قدم ہو گا۔

انہوں نے طلباؤ طالبات کو بتایا کہ اس قسم کے پروگراموں سے آپ لوگوں میں ملکی معیشت کے حوالے سے شعور اجاگر ہو گاآپ کو پتہ چلے گا کہ سٹاک مارکیٹ کیسے کام کرتی ہے؟ اور حصص کی ٹریڈنگ کیسے ہوتی ہے ؟۔ اس کے علاوہ کمپنیوں کی لسٹنگ اور ان کی کارکردگی سرمایہ کاری کے تحفظ میں سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی CDC)) کے کردار اور اہمیت پر تفصیلی روشنی ڈالی اور بتایا کہ پروگرام سے طلبہ و طالبات کی فنانشل مارکیٹ کے حوالے سے معلومات میں اضافہ ہو گا جو انہیں عملی زندگی میں مدد دے گا۔

سیمینار مین سینٹرل ڈیپازٹری کمپنی آف پاکستان CDC))کے قیام کے مقصد پر روشنی ڈالنے کے ساتھ ساتھ نیشنل کلیئرنگ کمپنی آف پاکستان (NCCPL) سے متعلق بھی طلباؤ طالبات کو بریفنگ دی گئی۔ سی ڈی سی کی طرف سے انوسٹرز کے لئے بے شمار سہولیات دینے پربات چیت کرتے ہوئے طلباؤ طالبات کو بتایا گیا کہ اگر سی ڈی سی کی طرف سے دی جانے والی سہولیات کو مد نظر رکھا جائے اور ان پر عمل کیا جائے تو کاروبار میں شفافیت آئیگی اور انوسٹرز کا کاروبار مزید محفوظ اور اعتماد بحال ہو گا۔

طلباؤ طالبات کی ایک تجربہ کار انوسٹر سے بھی ملاقات کرائی جنھوں نے طلباؤ طالبات کو سٹاک ایکسچینج کے متعلق زاتی تجر بہ کی بنیاد پر انوسٹمنٹ کے گر بتائے ۔ انھوں نے انوسٹرز صاحبان کے حوالے سے بتایا کہ انوسٹرز سی ڈی سی میں سب اکاؤنٹ کے علاوہ اپنا انوسٹر اکاؤنٹ ضرور کھلوائیں جس سے انوسٹرز کے اکاؤنٹس میں کسی دوسرے شخص کی مداخلت بالکل نہیں ہو سکتی اور شیئرز محفوظ رہتے ہیں ۔

طلباؤ طالبات کو لوکل میوچل فنڈز انڈسٹریز کے حوالے سے بھی دلچسپ معلومات فراہم کیں۔ انھیں بتایا گیا کہ جو انوسٹرز نئی سرمایہ کاری کرنے کا ارادہ رکھتے ہیں اور ریڈی مارکیٹ کا انھیں خاص تجربہ نہیں ہے تو انھیں چائیے کہ وہ میوچل فنڈز اور آئی پی او سے کاروبار شروع کریں کیونکہ ان دونوں مصنو عات میں رسک کا عنصر کم ہوتا ہے۔ سیمینار کے آخر میں طلباؤ طالبات کو سٹاک ایکس چینج کے اندر بروکریج ہاؤسز کا دورہ کرایا گیا۔ جہاں پر طلباء نے بروکریج ہاؤسز کے اندر موجود انوسٹر ز صاحبان کو عملی طور پر کاروبار کرتے دیکھا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں