اب ملک میں جھاڑو پھرے گا اور ہر طرح کے دہشتگردں کا خاتمہ ہو گا،ملک کو سیاسی سوداگروں سے نجات دلائیں گے‘ صاحبزادہ حامد رضا،

کراچی میں وزیرستان سے بھی زیادہ اسلحہ ہے،سیاسی جماعتوں نے آپریشن کلین اپ میں رکاوٹ ڈالی تو جمہوریت کی بساط لپیٹی جا سکتی ہے

ہفتہ 14 مارچ 2015 19:37

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ اب ملک میں جھاڑو پھرے گا اور ہر طرح کے دہشتگردں کا خاتمہ ہو گا،کراچی میں وزیرستان سے بھی زیادہ اسلحہ ہے،سیاسی جماعتوں نے آپریشن کلین اپ میں رکاوٹ ڈالی تو جمہوریت کی بساط لپیٹی جا سکتی ہے۔اپنے ایک بیان میں صاحبزادہ حامد رضا نے کہا کہ قیام پاکستان کی مخالفت کرنے والوں کا ڈپٹی چیئرمین سینیٹ بننا المیہ ہے۔

عالمی سازشوں کے توڑ کیلئے کراچی میں گرینڈ آپریشن نا گزیر ہے۔نظام صلوة پر تمام مکاتب فکر کو اعتماد میں لیا جائے۔پاکستان نے براق ڈرون بنا کر ڈرون ٹیکنالوجی میں بھارتی برتری ختم کردی ہے۔براق ڈرون اور براق میزائل کی تیاری سے پاکستان دشمنوں کی نیندیں حرام ہو گئی ہیں۔

(جاری ہے)

ملک کو سیاسی سوداگروں سے نجات دلائیں گے۔لاؤڈ سپیکر میں درود و سلام پڑھنے پر مقدمات کا اندراج دین دشمنی ہے۔

خطے میں بھارت کی تھانیداری نہیں چلے گی ۔صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ القاعدہ ، داعش اور طالبان جیسی تنظیمیں سی آئی اے کی پیدوار ہیں۔اہل اقتدار کے دو سو ارب ڈالر غیر ملکی بینکوں میں پڑے ہیں۔کارکنان بلدیاتی الیکشن کی تیاری کریں۔بلدیاتی الیکشن میں حکمران جماعت کو آٹے دال کا بھاؤ معلوم ہو جائے گا۔عوام نئے نئے ٹیکسوں کا شکار کب تک بنیں گے۔غریبوں کو فاقوں سے بچانے کیلئے اشیاء خوردونوش کی قیمتیں کم کی جائیں۔پاک فوج نے قوم کے دل جیت لئے ہیں۔براق ڈرون بنانے والے سائنسدانوں نے پاکستان کی دفاعی صلاحیتوں کو چار چاند لگا دیئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں