شہر قائد میں آگ وخون کی ہولی کھیلنے والے سفاک قاتل ایم کیوایم کی صفوں میں چھپے بیٹھے ہیں‘ جماعت اسلامی پنجاب،

کراچی شہر میں امن کی بحالی کے لئے متحدہ قومی موومنٹ جیسی فاشسٹ تنظیم پر پابندی لگائی جائے‘ سید وسیم اختر /نذیر احمد جنجوعہ

ہفتہ 14 مارچ 2015 23:05

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14مارچ۔2015ء ) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اختر اور سیکرٹری جنرل نذیر احمد جنجوعہ نے رینجرز کی جانب سے نائن زیروپر چھاپے کے دوران بھاری مقدار میں نیٹواسلحے کی برآمدگی ،سزایافتہ افراد اور ٹارگٹ کلرز کی گرفتاری پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ کرا چی میں فوج کے ذریعے آپریشن کرنے کامطالبہ ایم کیو ایم نے خود کیاتھا اور یہ آپریشن تمام سیاسی جماعتوں کو اعتماد میں لے کر شروع ہواتھا اس کی منظوری کابینہ نے دی تھی اس لئے جرائم پیشہ عناصر کی گرفتاریوں کے خلاف سیاسی پروپیگنڈہ نہیں ہوناچاہئے۔

اس حوالے سے قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کاروائی کوبلاوجہ تنقید کانشانہ نہ بنایاجائے کیونکہ کراچی میں امن پوری قوم کامطالبہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ایم کیو ایم درحقیقت ایک دہشت گرد تنظیم ہے جس نے اسلحے کے زور پر پورے شہر کو25سالوں سے یرغمال بنایاہواہے۔وزیر اعظم پاکستان اور آرمی چیف الطاف حسین اورایم کیو ایم کے دیگر عہدیداران کے متنازعہ بیانات کانوٹس لیں۔

سانحہ بلدیہ ٹاؤن میں260سے زائد افراد کو زندہ جلادیاگیا اور کوئی پوچھنے والا نہیں۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام لاشیں اٹھا اٹھاکر تھک چکے ہیں۔کوئی بھی شخص،ادارہ یاسیاسی جماعت اگر دہشت گردی میں ملوث ہے تو اس کے خلاف قانون کے مطابق کاروائی ہونی چاہئے۔ساری دنیا جانتی ہے کہ شہر قائد میں آگ وخون کی ہولی کھیلنے والے سفاک قاتل اور جرائم پیشہ افراد ایم کیوایم کی صفوں میں چھپے بیٹھے ہیں۔

نائن زیرو پر رینجرز کے چھاپے کے دوران ولی خان بابر کے قتل کیس میں سزائے موت پانے والافیصل موٹا کی گرفتاری سے یہ بات ثابت ہوچکی ہے کہ ولی خان بابر کوایم کیو ایم نے اپنے مذموم مقاصد کے لئے قتل کروایاتھا۔جماعت اسلامی پنجاب کے رہنماؤں نے مزیدکہاکہ وقت آگیا ہے کہ کراچی شہر کو پھر سے روشنیوں کاشہر بنایاجائے اورایم کیو ایم جیسی فاشسٹ تنظیم پر فی الفور پابندی لگائی جائے تاکہ کراچی کاامن بحال ہوسکے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں