وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے قطر کے سفیر کی ملاقات

پیر 16 مارچ 2015 16:25

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف سے یہاں قطر کے سفیر صقر بن مبارک محمد صقر المنصوری لاقات کی‘ ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور، پاک قطر تعلقات کے فروغ اور مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ قطر کے سفیر نے یوحنا آباد دھماکوں میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے عوام اور حکومت کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ یوحنا آباد میں دھماکے ملک کی ساکھ پر حملے کے مترادف ہیں۔ امن دشمنوں کی بزدلانہ کارروائیاں دہشت گردی کے خلاف قوم کا پختہ عزم کمزور نہیں کر سکتیں۔ پاکستانی قوم دہشت گردوں کو شکست فاش دینے کیلئے متحد ہو چکی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان مختلف شعبوں میں تعاون کی نئی راہیں کھل رہی ہیں۔ توانائی، ہنرمند افرادی قوت، زراعت اور دیگر شعبوں میں قطر کا تعاون لائق تحسین ہے۔ قطر کے سفیر صقر بن مبارک محمد صقر المنصوری نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کے ساتھ تعمیر و ترقی کے شعبوں میں تعاون جاری رہے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں