حکومت خسارے میں جانے والے قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل فورا شروع کرے ‘ لاہور چیمبر

پیر 16 مارچ 2015 17:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16مارچ۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری نے حکومت پر زور دیا ہے کہ خسارے میں جانے والے قومی اداروں کی تنظیم نو کا عمل فورا شروع کرے کیونکہ اس سے قومی خزانے کو بھاری نقصان ہورہا ہے، حکومت کی جانب سے پی آئی اے کی بحالی کے عمل میں دلچسپی لینا بہت خوش آئند ہے کیونکہ اس سے نہ صرف یہ قومی ادارہ اپنے پیروں پر دوبارہ کھڑا ہوگابلکہ سرمایہ کاروں کو بھی اچھا پیغام ملے گا، حکومت کو چاہیے کہ پی آئی اے کی طرز پر دیگر قومی اداروں کی بحالی کے لیے بھی حکمت عملی وضع کرے۔

ایک بیان میں لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ اگرچہ پی آئی اے اور پاکستان ریلوے کی صورتحال بتدریج بہتر ہورہی ہے لیکن بقیہ اداروں کی کارکردگی مایوس کن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی وجہ سے قومی خزانے کو سالانہ اندازاً چھ سو ارب روپے کا نقصان ہورہا ہے لہذا حکومت یا تو انہیں منافع بخش بنانے کے لیے اقدامات اٹھائے یا پھر نجکاری کی تجویز پر غور کرے۔

لاہور چیمبر کے صدر نے کہا کہ امریکہ، برطانیہ اور جاپان جیسے ترقی یافتہ ممالک کے قومی اداروں کی ترقی میں نجی شعبہ اہم کردار ادا کررہا ہے لہذا ان اداروں کی بحالی کے لیے ہمیں بھی ایسا ہی کرنا ہوگاتاکہ ترقی یافتہ ممالک کی طرح ہمارے قومی ادارے بھی خزانے پر بوجھ بننے کے بجائے ملک کی ترقی و خوشحالی میں کردار ادا کریں۔ اعجاز اے ممتاز نے ماہرین اور نجی شعبے کے نمائندوں پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دینے کی تجویز بھی پیش کی جو پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کی بحالی کے لیے لائحہ عمل مرتب کرے ۔ انہوں نے کہا کہ قومی ادارے نہ صرف معیشت کے لیے ریڑھ کی ہڈی ہیں بلکہ لاکھوں لوگوں کا روزگار بھی ان سے وابستہ ہے لہذا ان کی بحالی کے لیے جنگی بنیادوں پر کام کرنا ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں