اقلیتوں سمیت سب کو مل کر انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ختم کرنا ہوگا نہ کہ ہم ایکدوسرے کو ختم کرنا شروع کر دیں‘ یوسف رضا گیلانی

بدھ 18 مارچ 2015 16:05

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔18مارچ۔2015ء)سابق وزیر اعظم و پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید یوسف رضا گیلانی نے کہا ہے کہ اقلیتوں سمیت سب کو مل کر انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ختم کرنا ہوگا نہ کہ ہم ایک دوسرے کو ختم کرنا شروع کر دیں،نیشنل ایکشن پلان تمام سیاسی جماعتوں کی مشاورت سے بنایا گیا ، کسی بھی جماعت میں عسکری ونگ نہیں ہونا چاہیے ۔

وہ گزشتہ روز شیخ زید ہسپتال میں معمول کا چیک اپ کرانے کے بعد نجی ٹی وی سے گفتگو کر رہے تھے۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد کی جتنی بھی مذمت کی جائے وہ کم ہے ۔ اقلیتوں نے نہ صرف پاکستان بنانے میں اپنا اہم کردار ادا کیا بلکہ اسکی بقاء اور تعمیر و ترقی میں بھی ان کا مثبت کردار رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے اپنے دور میں اقلیتوں کو سینیٹ میں نمائندگی دی ، مسلم سیٹوں میں سے دو نشستوں پر اقلیتوں کو لائے جبکہ اسکے بعد اس تعداد کو چار تک بڑھانے کے لئے بھی قانون سازی کی کیونکہ میں نے کہا تھاکہ اقلیتیں اور خواتین میرا حلقہ ہیں اور قائداعظم محمد علی جناح نے بھی اپنی تقاریر میں اقلیتوں کو برابری کی سطح پر حقوق دینے کی بات کی اور پاکستان کے جھنڈے میں سفید رنگ اسی کو واضح کرتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ سانحہ یوحنا آباد کے بعد جس طرح کا رد عمل آیا وہ بہت شدید تھا اور ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔ دہشتگرد مساجد‘ امام بارگاہوں‘ مدارس اور سکولوں میں بھی دھماکے کر رہے ہیں ، اقلیتوں سمیت سب کو مل کر انتہا پسندی اور دہشتگردی کو ختم کرنا ہوگا نہ کہ ہم ایک دوسرے کو ختم کرنا شروع کر دیں ۔ انہوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ نیشنل ایکشن پلان تمام جماعتوں کی مشاورت سے بنایا گیا اور اس پر عمل ہونا چاہیے۔ کسی بھی سیاسی جماعت میں عسکری ونگ نہیں ہونا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں