پاکستان میں بے پناہ صلاحیت ہے جس کے درست استعمال سے ہی ترقی ممکن ہے‘ ڈاکٹر مجاہد کامران

جمعہ 20 مارچ 2015 17:11

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء) پنجاب یونیور سٹی وائس چانسلرڈاکٹر مجاہد کامران نے کہاہے کہ پاکستان میں بے پناہ صلاحیت موجود ہے جن کے درست استعمال سے ہی ملکی ترقی ممکن ہے، اللہ تعالیٰ مواقع دیتا ہے جس سے ہمیں بھرپور استعفادہ کرنا چاہیے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہیلی کالج آف کامرس کے زیر اہتمام اے سی سی اے سکالرشپ ایورڈ کی تقریب میں شرکاء سے کیا۔

اس موقع پر کالج پرنسپل ڈاکٹر حسن مبین عالم، ہیڈ آف اے سی سی اے پاکستان سجید اسلم،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز ڈاکٹر ماریہ مالڈوناڈو، ہیڈ آف ایجوکیشن نارتھ فیصل عظیم، فیکلٹی ممبران ، اے سی سی اے کے عہدیداران اور طلباء و طالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ڈاکٹر مجاہد کامران نے کہا کہ قرآن کریم کا آٹھواں حصہ علم سے متعلق ہے جس سے تعلیم کی اہمیت کا اندازہ لگا یا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ تعلیم کو نظر انداز کرنے کے باعث ہی اس وقت ڈیڑھ ارب مسلمان ترقی کی دوڑ میں پیچھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک اپنی قومی پیداوار کا 5سے 7فیصد حصہ صرف تعلیم پرخرچ کرتے ہیں جسکی شرح ترقی پذیر ممالک میں 1سے 2فیصد ہے او ر یہ ہی دونوں میں واضح فرق پیدا کرتا ہے ۔انہوں نے سکالرشپ جیتنے والی طالبہ سیدہ اروبہ زیدی کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ہیلی کالج آف کامرس نے بہت سی نامور شخصیات پیدا کی ہیں جنہوں نے دنیا میں اپنا ، پاکستان اور پنجاب یونیورسٹی کا نام روشن کیا ہے۔

انہوں نے طلبہ کو ہدایت کی کہ وہ اپنے مضامین کے علاوہ دیگر کتابوں کا علم بھی حاصل کریں تاکہ ان میں اعتماد سازی کو فروغ مل سکے۔سجید اسلم نے کہا کہ ملکی معیشت کو بہتر کرنے کے لئے ہمیں مل کر کام کرنا ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ ہیلی کالج ترقی کی جانب قدم بڑھانے کے لئے بہترین پلیٹ فارم ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں ہمیشہ مثبت سوچ رکھتے ہوئے مواقعوں سے فائدہ اٹھانے اور درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لئے تیار رہنا چاہیے۔

ڈاکٹر حسن مبین عالم نے کہا کہ کالج اور اے سی سی اے مل کر کامرس کے نصاب کی بہتری کے لئے کام کر رہے ہیں تاکہ ہمارے طلبہ مستقبل میں ملکی معیشت کی مضبوطی کے لئے اپنا کردار ادا کر سکیں۔فیصل عظیم نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی کے طلبہ کو سکالرشپس دینا اے سی سی اے کے لئے اعزاز ہے۔ بعد ازاں ہیلی کالج آف کامرس بی کام (آنرز)ساتویں سمسٹر کی طالبہ سیدہ اروبہ زیدی کو5,000 بطور سکالرشپ ایوارڈ سے نوازاگیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں