سانحہ یوحنا آباد پر پوری قوم رنجیدہ ہے، 2 افراد کو زندہ جلانے کا اندوہناک واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، واقعہ کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، حکومت انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی، پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں،انٹیلی جنس نظام کو بہتر بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے، سپیشل برانچ کی استعدادکار میں اضافے کے ساتھ اسے فعال اور متحرک بنانے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی،

وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کااعلیٰ سطحی اجلاس سے خطاب

جمعہ 20 مارچ 2015 19:46

سانحہ یوحنا آباد پر پوری قوم رنجیدہ ہے، 2 افراد کو زندہ جلانے کا اندوہناک واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے، واقعہ کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے، حکومت انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی، پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے، موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں،انٹیلی جنس نظام کو بہتر بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے، سپیشل برانچ کی استعدادکار میں اضافے کے ساتھ اسے فعال اور متحرک بنانے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی،

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔20مارچ۔2015ء ) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت آج یہاں اعلیٰ سطح کااجلاس منعقد ہوا ۔جس میں صوبے میں امن و امان کی صورتحال اور یوحنا آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یوحنا آباد میں پیش آنے والے افسوسناک واقعات پر پوری قوم رنجیدہ ہے۔

2 افراد کو زندہ جلانے کا اندوہناک واقعہ انتہائی قابل مذمت ہے۔ افسوسناک واقعات کے ذمے داروں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے اور حکومت ان واقعات میں انصاف کے تمام تقاضے پورے کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اس وقت حالت جنگ میں ہے۔ موجودہ حالات ہنگامی اقدامات کے متقاضی ہیں۔انٹیلی جنس نظام کو بہتر بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے۔

(جاری ہے)

سپیشل برانچ کی استعدادکار میں اضافے کے ساتھ اسے فعال اور متحرک بنانے کی جتنی ضرورت آج ہے پہلے کبھی نہ تھی۔

اجلاس میں سپیشل برانچ کی استعدادکار میں اضافے اور اسے جدید تقاضوں سے ہم آہنگ بنانے کیلئے فوری اقدامات کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انٹیلی جنس اہلکاروں کی جدید خطوط پر تربیت کا مناسب انتظام کیا جائے اور انہیں موجودہ دور کے تقاضوں کے مطابق انٹیلی جنس علوم سے مکمل آگاہی ہونی چاہیئے۔ وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ سپیشل برانچ کی تنظیم نو کیلئے جلد قابل عمل منصوبہ پیش کیا جائے اور اس ضمن میں تیزرفتاری سے پیش رفت کی جائے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نے بہترین تربیت سے آراستہ انسداد دہشت گردی فورس کو جدید خطوط پر استوار کیا ہے۔ انسداد دہشت گردی فورس کا دوسرا بیج جلد میدان عمل میں ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے کارپولرز کی کارکردگی کی بنیاد پر تیز رفتار ترقی کے حوالے سے سروس سٹرکچر کی منظوری بھی دی۔ اجلاس میں محکمہ انسداد دہشت گردی کیلئے علیحدہ سٹیٹ آف دی آرٹ انٹیلی جنس سکول کے قیام کا فیصلہ کیا گیا۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ محکمہ انسداد دہشت گردی کے ا نٹیلی جنس سکول کا معیار کسی بھی ترقی یافتہ ملک کے سکول سے بڑھ کر ہونا چاہیئے۔ عوام کے جان و مال کے تحفظ کیلئے تمام ضروری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ امن عامہ کی فضا کو بہتر سے بہتر بنانے کیلئے پہلے بھی وسائل دیئے ہیں اور آئندہ بھی دیں گے۔ صوبائی وزراء کرنل (ر) شجاع خانزادہ، مجتبیٰ شجاع الرحمن، رکن قومی اسمبلی حمزہ شہباز، اراکین صوبائی اسمبلی رانا ثناء اللہ، سید زعیم حسین قادری، معاون خصوصی رانا مقبول احمد، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹریز داخلہ، پراسیکیوشن، اطلاعات اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں