جماعت اسلامی نے کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے تحریک التواء پنجاب اسمبلی میں جمع کروادی

ہفتہ 21 مارچ 2015 14:42

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کاشتکاروں کے مسائل کے حوالے سے تحریک التواء پنجاب اسمبلی کے سیکرٹریٹ میں جمع کروادی۔ڈاکٹر سید وسیم اختر کی جانب سے جمع کروائی گئی تحریک التواء میں کہاگیاہے کہ ”جوں جوں گندم کے پکنے کا موسم قریب آرہا ہے توں توں گندم کا بحران سر پر منڈلار ہا ہے۔

حقیقت یہ ہے کہ پاکستان میں گندم سرپلس ہے۔ سرکاری گودام گندم سے بھرے ہوئے ہیں۔ اس پر مستزاد یہ کہ وسط ایشیا سے 6لاکھ ٹن گندم منگوائی گئی ہے ،جو غیر معیار ی بھی ہے، اس کو پاکستانی گندم سے ملا کر فروخت کیا جارہا ہے۔ اب پاکستان میں گندم کی دوسری فصل آنے والی ہے اوراس وقت صورتحال یہ ہے کہ گودام ابھی تک خالی نہیں کئے جاسکے۔

(جاری ہے)

نتیجتاً حکومت گندم خریدلے گی لیکن اس کورکھ نہیں سکے گی ، جس سے بحران پیدا ہوگا۔

اس کا نتیجہ یہ نکلے گا کہ پاکستانی کاشتکار اپنی سب سے بڑی فصل خسارے میں فروخت کرے گا۔ جبکہ تمام زرعی ممالک کاشتکار کا خیال رکھتے ہیں اور ایسے حالات پیدا نہیں ہونے دیتے کہ کاشتکار مشکلات کا شکار ہوجائے۔ امریکہ اور انڈیامیں کاشتکار کے لیے رعایتی قیمت مقرر کی جاتی ہے اور یقینی بنائی جاتی ہے اور اگر مارکیٹ گرنے لگے تو حکومتیں خود اس کو برداشت کرتی ہیں ، چاہے وہ خودفصل خریدیں یا سبسڈی دیں۔ ضرورت ہے کہ حکومت حالات کا ادراک کرے اور گندم کی فصل آنے سے قبل اس کی خریداری اور سٹوریج کا مناسب انتظام کرے تاکہ نہ کاشتکار پریشانی سے گذرے اور نہ حکومت مشکل میں پڑے“۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں