جنرل(ر)مشرف کی پالیسیوں کاخمیازہ آج قوم دہشتگردی کی صورت میں بھگت رہی ہے،مدارس کیخلاف پروپیگنڈہ کرنے والے ملک میں تفرقہ بازی اور انتشار چاہتے ہیں،اتحادویکجہتی کامظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں مذموم سازشوں کامقابلہ کرنا ہوگا

جماعت اسلامی پنجاب

منگل 24 مارچ 2015 16:23

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مارچ۔2015ء) امیر جماعت اسلامی صوبہ پنجاب و پارلیمانی لیڈر صوبائی اسمبلی ڈاکٹر سید وسیم اخترنے کورکمانڈربلوچستان کمان لیفٹیننٹ جنرل ناصر جنجوعہ کے بیان کہ”دہشتگردی کے خلاف موثر جنگ جاری ہے،ہتھیارچھوڑ کرامن کاراستہ اختیارکرنے والوں کوخوش آمدید کہاجائے گا“پر تبصرہ کرتے ہوئے کہاہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی حالیہ اہم کامیابیوں کی وجہ سے انشاء اللہ ملک سے جلد بیرونی مداخلت کاخاتمہ ہوگا اور ملک ترقی وخوشحالی کی جانب رواں دواں ہوگا۔

انہوں نے کہاکہ آج قوم جنرل(ر)پرویزمشرف کی بزدلانہ پالیسیوں کاخمیازہ بھگت رہی ہے۔دہشت گردی کی عفریت سے جان چھڑوانے کے لئے سیاسی وعسکری قیادت کو کارآمداور سنجیدہ اقدامات کرنے ہوں گے۔

(جاری ہے)

مدارس کے خلاف اقدامات سے غلط پیغام جارہا ہے۔محض شک کی بنیاد پر مدارس کاتقدس پامال نہ کیاجائے۔مدارس درحقیقت دینی تعلیم کے ادارے ہیں جن کی حفاظت ہر صورت میں کی جائے گی۔

مدارس کے خلاف پروپیگنڈہ کرنے والے ملک میں تفرقہ بازی اور انتشار چاہتے ہیں۔انہوں نے کہاکہ پھانسیوں کاسلسلہ بڑے جوش وخروش سے شروع ہوالیکن یہ 20پھانسیوں کے بعد ختم ہوگیا۔اس حوالے سے بیرونی دباؤکوخاطر میں نہ لایاجائے۔دیگر سنگین جرائم میں ملوث افراد کو پھانسیاں دی جارہی ہیں مگرتخریب کاری اور بے گناہ افراد کے قتل میں ملوث افراد کوپھانسی دینے کا سلسلہ روک دیا گیا ہے جوکہ ایک بہت بڑاسوالیہ نشان ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کو اندرونی وبیرونی محاذوں پر مشکلات کاسامناہے۔دہشتگردی کی جنگ جس نے60ہزار سے زائد پاکستانیوں کولقمہ اجل بنادیا ہے کاقلع قمع کرنااولین قومی تقاضا ہے۔اس نام نہاد امریکی جنگ نے وطن عزیز کوناقابل تلافی نقصان پہنچایا۔ضرورت اس امر کی ہے کہ حکمران اور عسکری قیادت امریکہ کی ڈبل گیم کوسمجھیں۔ایک طرف امریکہ بہادر افغانستان میں طالبان سے مذاکرات کے لئے پرتول رہا ہے تودوسری جانب وہ پاکستان کے داخلی معاملات میں کھلم کھلا مداخلت کرکے محب وطن قبائلیوں کے خلاف اکسارہا ہے۔

ڈاکٹر سید وسیم اختر نے مزیدکہاکہ پاکستان کی آزادی،خودمختاری،سلامتی اور بقاء سب کچھ داؤپرلگ چکاہے۔ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت ملک دشمن بیرونی طاقتیں چاروں اطراف سے ہم پر حملہ آور ہیں۔انہیں پہلی اسلامی ایٹمی قوت کاوجود تسلیم نہیں۔اس نازک موقع پرامت مسلمہ کواتحاد ویکجہتی کامظاہرہ کرتے ہوئے ہمیں ان ملک دشمن بیرونی قوتوں کی مذموم سازشوں کامقابلہ کرناہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں