حکمران اناج پیدا کرنیوالے کسانوں کی عزت کرنا سیکھیں‘ڈاکٹر طاہر القادری

بدھ 25 مارچ 2015 17:42

حکمران اناج پیدا کرنیوالے کسانوں کی عزت کرنا سیکھیں‘ڈاکٹر طاہر القادری

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء ) پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ ڈاکٹر طاہر القادری نے لاہور سمیت پنجاب بھر سے کسانوں کی گرفتاریوں اور پولیس کے ذریعے ان کی تذلیل کرنے پر پنجاب حکومت کے غیر آئینی، غیر جمہوری اور کسان دشمن رویے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران 18 کروڑ عوام کیلئے اناج پیدا کرنے والے کسانوں کی عزت کرنا سیکھیں،کسانوں نے کھیتی باڑی چھوڑ دی تو حکمرانوں کے کارخانوں کی چمنیوں سے دھواں نکلنا بھی بند ہوجائے گا۔

انہوں نے کہا کہ گندم اگانے والا کسان ،کھانے والا عام انسان پس رہا ہے جبکہ مڈل مین مزے میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب سے موجودہ کاروباری سوچ رکھنے والے حکمران برسراقتدار آئے ہیں کسانوں کی مشکلات کئی گنا بڑھ گئی ہیں۔

(جاری ہے)

کاشتکار حکمرانوں کی استحصالی پالیسیوں کے خلاف پرامن احتجاج کرتے ہیں تو ان کے پیچھے پولیس لگادی جاتی ہے جو ظلم اور زیادتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کسانوں کے مطالبات کی حمایت اور ان سے مکمل اظہار یکجہتی کرتی ہے۔ دریں اثناء پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ نے ٹیلیفون پر سینئر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے کیلئے بھرپور تیاریاں کی جائیں اور موثر انداز میں رابطہ عوام مہم چلائی جائے۔ پاکستان عوامی تحریک واحد جماعت ہے جو اختیارات اور وسائل کی مرکزیت کے خاتمہ اور منصفانہ تقسیم کا ویژن رکھتی ہے اور اس حوالے سے لوکل گورنمنٹ کے نظام کو بہترین ذریعہ سمجھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بلدیاتی انتخابات کا کریڈٹ سپریم کورٹ کو جاتا ہے ورنہ موجودہ نام نہاد جمہوری حکمران کبھی بھی عوام کو ووٹ کے استعمال کا آئینی حق نہ دیتے۔ انہوں نے کہا کہ عوام 8سال تک بلدیاتی الیکشن نہ کروانے والے لوکل گورنمنٹ دشمن حکمرانوں کے حامیوں کو ووٹ نہیں دینگے۔ ڈاکٹر طاہر القادری نے 24 مارچ کو فیصل آباد تنظیم کی طرف سے سانحہ ماڈل ٹاؤن کے خلاف بھرپور احتجاجی مظاہرہ کرنے اور اپنے شہید بھائیوں اور بہنوں سے اظہار یکجہتی کرنے پر انہیں مبارکباد دی۔

انہوں نے کہا کہ ماڈل ٹاؤن میں کارکنوں کے ساتھ ہونے والے مظالم میرے دل پر نقش ہیں انہیں فراموش نہیں کر سکتا اور نہ ہی سانحہ ماڈل ٹاؤن کے حوالے سے قاتل حکمرانوں کو معاف کیا جائیگا۔ انہوں نے کہا کہ حکمرانوں کی کوئی تدبیر انہیں بے گناہوں کو قتل کرنے کی سزا سے نہیں بچا سکے گی بہت جلد انقلاب کا قافلہ اپنے منزل کی طرف رواں دواں ہو گا اور لوٹ کھسوٹ کا نظام اپنے انجام کو پہنچے گا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں