نوجوان انجینئرز پاور سیکٹرکا مستقبل ہیں، محنت کا اپنا شعار بنائیں ‘ فنانس ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی،

حکومت کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کاوشوں کا حصہ بنیں جو ملکی معیشت کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے ‘ حماد احمد

بدھ 25 مارچ 2015 19:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25مارچ۔2015ء )فنانس ڈائریکٹر نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی لمیٹڈ (این ٹی ڈی سی ایل)حماد احمد نے کہا ہے کہ این ٹی ڈی سی ملک کے بجلی کے نظام میں ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور نوجوان انجینئرز پاور سیکٹر کا مستقبل ہیں ۔ وہ گزشتہ روز واپڈا ہاؤس میں این ٹی ڈی سی میں بھرتی کیے گئے 92 انجینئرز کے لئے منعقد ہ تین روزہ اورنٹیشن پروگرام کے افتتاحی سیشن سے خطاب کررہے تھے ۔

تقریب کے مہمان خصوصی حماد احمد نے مینجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئرز محمد ارشد چودھری جو کہ چین کے سرکاری دورہ پر ہیں، ان کا پیغام نوجوان انجینئرز تک پہنچایا اور ان کو خوش آمدید کہا ۔انہوں نے کہا کہ وہ محنت کو اپنا شعار بنائیں اورحکومت کی لوڈ شیڈنگ کے خاتمے کیلئے کاوشوں کا حصہ بنیں جو ملکی معیشت کی ترقی میں رکاوٹ بن رہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے انجینئرز کو کمپنی کے ویژن پرروشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ این ٹی ڈی سی کے پیشہ ور انجینئرز اورمینجمنٹ ملک میں بجلی کے ترسیلی نظام کو فالٹ فری اور کم سے کم لاسز کے ساتھ منظم طریقے سے چلا رہی ہے ۔

اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیومن ریسورس محمدگلزار شیخ نے بھی خطاب کیا ۔انہوں نے کہا کہ جونیئرز انجینئرز کی بھرتی کا عمل انتہائی شفاف اور میرٹ پر مکمل کیا گیا اور تمام انجینئرز کی کاوشیں نہ صرف کمپنی کیلئے ترقی کا باعث بنیں گی بلکہ ملکی مفاد میں بھی کارآمد ثابت ہوں گی ۔ تقریب کے دوران نئے بھرتی ہونے والے انجینئرز نے بھی اپنے خیالات کا اظہار کیا اور شفاف بھرتی پر این ٹی ڈی سی انتظامیہ کو سراہا اور شکریہ ادا کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں