ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات کی عدم فراہمی ،بجٹ کی مبینہ رقم ختم ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع

جمعرات 26 مارچ 2015 13:02

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) مسلم لیگ (ق) شعبہ خواتین پنجاب کی صدر و رکن پنجاب اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے ہسپتالوں کی ایمرجنسی میں مفت ادویات کی عدم فراہمی اور ادویات کی خریداری کے بجٹ کی مبینہ رقم ختم ہونے پر پنجاب اسمبلی میں تحریک التوائے کار جمع کروادی۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کے پاس جنگلہ بس بنانے ، ٹیکسیاں باٹنے اور ایکسپریس وے جیسے غیر عوامی اور لگژری منصوبوں کے لیے اربوں روپے کا بجٹ تو ہے مگر غریب اور نادار مریضوں کو مفت ادویات دینے کیلئے بجٹ کیوں نہیں ہے؟انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور حکومت میں پہلی بار ایمرجنسی میں سو فیصد مفت علاج معالجہ کی فراہمی یقینی بنائی گئی تھی۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ موجودہ حکمرانوں نے مفت ادویات کی فراہمی کا دائرہ جنرل وارڈ تک بڑھانے کا اعلان کیا تھا مگر افسو س کہ ایمرجنسی میں ادویات کی فراہمی کا سلسلہ بھی روک دیا گیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں مفت ادویات کی فراہمی کی ایک بھی شکایت نہ تھی اور ایمرجنسی میں آنے والے مریض کا نام پوچھے بغیر بلا تاخیر اس کاعلاج شروع کردیا جاتا تھا جبکہ آج مریض کا نام پوچھ کر ادویات کی بھاری فہرست اس کے ہاتھ میں تھما دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ چوہدری پرویز الہٰی کے دور میں ہسپتال شفاء خانے تھے مگر آج وہی ہسپتال مذبحہ خانے بن چکے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں