صنعتی ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ ازحد ضروری ہے،بدترین لوڈ شیڈنگ سے انڈسٹریل یونٹ بند ،بے روزگاری میں اضافہ ہوگا‘خالد افضل شیخ

جمعرات 26 مارچ 2015 13:04

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) قائمقام چیئرمین لاہور ٹاؤن شپ انڈسٹریز ایسوسی خالد افضل شیخ نے کہاہے کہ صنعتی ترقی کیلئے توانائی بحران کا خاتمہ ازحد ضروری ہے ،بدترین لوڈشیڈنگ نے صنعتوں کو تباہ کردیا ہے ، ٹاؤن شپ(قائداعظم انڈسٹریل اسٹیٹ) میں بدترین لوڈشیڈنگ سے انڈسٹریل یونٹ بند اوربے روزگار میں اضافہ ہوگا ۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے صنعتی زون میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے خاتمہ کا اعلان کیا تھا لیکن کچھ عرصہ بعد انڈسٹریل یونٹ میں پھر سے لوڈشیڈنگ کا بدترین سلسلہ شروع ہوچکا ہے ٹاؤن شپ انڈسٹریل زون میں بجلی بھی شیڈول کے مطابق فراہم نہیں کی جارہی طویل لوڈ شیڈنگ سے انڈسٹریزاپنی پیداواری صلاحیت کے مطابق کام نہیں کررہی ،جس کے باعث صنعتکار پریشانی کا شکار ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ انڈسٹری کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے کیلئے مسلسل بجلی اور گیس فراہم کی جائے اسی میں ملک، عوام اور حکومت کو فائدہ ہے۔انڈسٹری کو توانائی بحران سے نکال کر ریونیو اور روزگار کے مواقع میں اضافہ کیا جاسکتا ہے ۔ صنعتی شعبہ ہی حکومت کو بیرونی قرضوں سے نجات دلاسکتا ہے، ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے ،نعمان حسین وائس چیئرمین کے ساتھ ٹاؤن شپ انڈسٹریز کے صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔

خالد افضل شیخ نے کہا ٹاؤن شپ انڈسٹریل اسٹیٹ میں بجلی کی سپلائی شیڈول کے مطابق نہ ہونے سے صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ مزدور بھی پریشانی میں مبتلا ہیں ،ٹاؤن شپ انڈسٹریل اسٹیٹ میں ملکی و غیر ملکی کمپنیاں کام کر رہی ہیں ۔اس انڈسٹریل اسٹیٹ میں توانائی کا بحران شدت اختیار کرتا جارہا ہے جس کے باعث ہزاروں مزدور بے روزگار ہوسکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ صنعتکار کاروبار چلانے کے لیے متبادل ذرائع استعمال کر رہے ہیں لیکن ان کی بنائی ہوئی مصنوعات کا معیار متاثر ہورہا ہے انہوں نے کہا کہ معاشی ترقی کیلئے حکومت سب سے پہلے توانائی بحران کو حل کرے اور انڈسٹریل اسٹیٹ کو مسلسل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں