بظاہر غیر جماعتی الیکشن جمہوریت کی نفی ہے،ملک میں سیاسی جماعت ہی نہیں ہوگی تو حکومت کیسے بنے گی ‘ لاہور ہائیکورٹ

جمعرات 26 مارچ 2015 13:57

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔26مارچ۔2015ء) لاہور ہائیکورٹ نے کنٹونمنٹ میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات کے نتائج کو عدالتی فیصلے سے مشروط قرار دیتے ہوئے ریمارکس دئیے کہ بظاہر غیر جماعتی الیکشن جمہوریت کی نفی ہے،ملک میں سیاسی جماعت ہی نہیں ہوگی تو حکومت کیسے بنے گی ۔گزشتہ روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس سید منصور علی شاہ نے کیس کی سماعت شروع کی تو عدالت کے روبرو درخواست گزار کے وکیل نے موقف اختیار کیا کہ کنٹونمنٹ بورڈ میں غیر جماعتی بلدیاتی انتخابات دو رکنی بینچ کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے ۔

(جاری ہے)

دوران سماعت ڈپٹی اٹارنی جنرل نے بتایا کہ سپریم کورٹ نے کنٹونمنٹ بورڈ میں غیرجماعتی بلدیاتی انتخابات اور حلقہ بندیوں سے متعلق فیصلے میں واضح حکم جاری نہیں کیا ۔ جسٹس سید منصور علی شاہ نے ریمارکس دئیے کہ ملک میں سیاسی جماعت ہی نہیں ہوگی تو حکومت کیسے بنے گی ۔ عدالت سپریم کورٹ کے فیصلے کی وجہ سے کنٹونمنٹ بورڈ کے انتخابی شیڈول معطل نہیں کر رہی ۔ غیرجماعتی بنیاد پر الیکشن آرٹیکل 140اے کی خلاف ورزی ہے ۔ بظاہر غیر جماعتی الیکشن جمہوریت کی نفی ہے ، عدالت نے 3اپریل کو اٹارنی جنرل پاکستان کو آئینی نکات پر بحث کے لئے طلب کر تے ہوئے سماعت ملتوی کر دی جبکہ آئندہ سماعت روزانہ کی بنیاد پر ہوگی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں