شاہ پور کانجراں سلاٹر ہاؤس میں ناقص مشینری لگانے اور مالی بے ضابطگیوں کی تحقیقات کیلئے کمیٹی قائم

کمیٹی غیر ملکی کمپنی کی طرف سے مشینری کی مد میں ادائیگیاں نہ کرنے کی شکایات کی بھی تحقیقات کریگی

اتوار 29 مارچ 2015 14:21

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29مارچ۔2015ء)شاہ پور کانجراں میں سلاٹر ہاؤس میں ناقص مشینری لگانے ، مالی ضابطگیوں اور مشینری فراہم کرنے والی غیر ملکی کمپنی کو عدم ادائیگی کی تحقیقات کے لئے وزیر اعلیٰ معائنہ کمیٹی کو ٹاسک سونپ دیا گیا ۔ ایک نجی ٹی وی کے مطابق شاہ پور کانجراں سلاٹر ہاؤس میں مشینری لگانے والی غیر ملکی کمپنی نے اس مد میں ادائیگی نہ ہونے پر وفاقی حکومت کو اپنی شکایت سے آگاہ کیا تھا جسکے بعد پنجاب حکومت کو اسکی باضابطہ تحقیقات کیلئے احکامات جاری کئے گئے ۔

نجی ٹی وی کے مطابق صوبائی دارالحکومت کے شہریوں کو معیاری گوشت فراہم کرنے کیلئے پنجاب ایگریکلچر میٹ کمپنی (پیمکو) قائم کی گئی جس نے چار مقامات پر سلاٹر ہاؤس لگانے تھے ۔ پہلے مرحلے میں شاہ پور کانجران میں جدید مشینری کا حامل سلاٹر ہاؤس قائم کیا گیا تاہم کچھ ہی ماہ بعد ناقص مشینری لگائے جانے اورمالی ضابطگیوں کا انکشاف ہو گیا ۔

(جاری ہے)

بتایا گیا ہے کہ یہ مشینری سابق سی ای او پیمکو حامد جلیل نے لگوائی جو اس وقت ملک سے باہر ہیں۔

نجی ٹی وی کے مطابق کمپنی کی طرف سے مشینری لگانے والی غیر ملکی کمپنیوں کو بھی ادائیگی نہ کی گئی جس پر کمپنی نے وفاقی حکومت سے رجوع کر کے اپنی شکایت سے آگاہ کیا جسکے بعد پنجاب حکومت کو تحقیقات کا حکم دیا گیا ۔ بتایا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب نے معائنہ ٹیم کو اس کی تحقیقات کا کمیٹی قائم کر دی ہے جس میں سابق چیئرمین سی ایم آئی ٹی نجم سعید سربراہ ہوں گے جبکہ دیگر ممبران میں چیئرمین وزیر اعلیٰ معائنہ ٹیم عرفان علی‘سیکرٹر ی قانون‘ سیکرٹری لوکل گورنمنٹ ‘ایم ڈی ای ایس سی اور سینئر ایڈووکیٹ خواجہ حارث شامل ہیں جو سارے معاملات کی تحقیقات کر کے رپورٹ وزیراعلیٰ کو ارسال کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں