سوتر ملز باٹا پور کے رہائشیوں کا غیر قانونی طور پر رہائشی علاقہ میں قائم کی گئی فیکٹریوں کے فضاء میں آلودگی پھیلانے پر احتجاج وزیراعلیٰ پنجاب سے فیکٹریوں کیخلاف کارروائی کا مطالبہ

پیر 30 مارچ 2015 16:57

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء) پریس کالونی سوتر ملز باٹا پور کے رہائشیوں نے غیر قانونی طور پر رہائشی علاقہ میں قائم کی گئی فیکٹریوں کے فضاء میں آلودگی پھیلانے پر احتجاج کرتے ہوئے وزیراعلیٰ پنجاب سے اپیل کی ہے کہ وہ ان فیکٹریوں کو فوری طور پر بند کرکے وہاں مکینوں وبچوں کی صحت برباد ہونے سے بچائیں۔ گزشتہ روز پریس کالونی کے رہائشیوں نے پریس کلب لاہر کے سامنے احتجاج کرتے ہوئے کہا کہ اس سلسلے میں ایک شکایت وزیراعلیٰ کی خدمت میں گزشتہ برس اکتوبر میں پیش کی تھی جس پر ان کی بابت سے ڈی سی او لاہور کو اس کیس کو دیکھنے اور رپورٹ وزیراعلیٰ کو پیش کرنے کے احکامات جاری کئے گئے تھے لیکن ابھی تک کچھ بھی کام نہیں ہوا جبکہ ضلعی حکومت نے فیکٹری مالکان کو نوٹس دئیے تھے ان پر بھی عملدرآمد نہیں ہوا لیکن بااثر ملز مالکان نہ صرف اپنی طاقت کے بل بوتے پرغیر قانونی کام کر رہے ہیں بلکہ رہائشیوں کو سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی جارہی ہیں۔

(جاری ہے)

اہلیاں کالونی کا کہنا ہے کہ محکمہ ماحولیات والے علاقے میں آتے ہیں اور چکر لگا کر واپس چلے جاتے ہیں۔ ان دھمکیوں کی وجہ سے اہل علاقہ نے تھانہ مناواں میں رپورٹ بھی درج کروا رکھی ہے۔ اہالیان علاقہ نے وزیراعلیٰ پنجاب سے اس بات کا نوٹس لینے کی اپیل کی ہے اور مطالبہ کیا ہے کہ فوری طور پر پریس کالونی کو آلودگی سے نجات دلائی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں