عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر برائے انسدادپولیو کی مشیر صحت سے ملاقات،

پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان برائے انسداد پولیو پر عملدرآمد100 فیصد یقینی بنایا جائے گا‘خواجہ سلمان رفیق

پیر 30 مارچ 2015 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30مارچ۔2015ء ) عالمی ادارہ صحت کے ڈائریکٹر برائے انسداد پولیو ڈاکٹر صلاح حطامی نے مشیر وزیر اعلی پنجاب برائے صحت خواجہ سلمان رفیق سے ان کے دفتر میں ملاقات کی - اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ پنجاب ڈاکٹر زاہد پرویز اور عالمی ادارہ صحت کے مقامی نمائندے ڈاکٹر آصف چوہدری بھی موجود تھے - عالمی ادارہ صحت کے نمائندوں کے ساتھ ملاقات میں پاکستان سے پولیو کے خاتمہ کے لئے وزیر اعظم محمد نواز شریف کی ہدایت پر تشکیل کردہ نیشنل ایکشن پلان پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا - خواجہ سلمان رفیق نے ڈاکٹر صلاح حطامی سے گفتگو کرتے ہوئے پولیو کے خاتمہ کے لئے وزیر اعلی محمد شہباز شریف کی ہدایت پر صوبائی حکومت کی جانب سے کئے گئے اقدامات بارے بتایا - خواجہ سلمان رفیق نے کہا کہ پولیو کا خاتمہ پنجاب حکومت کی اولین ترجیح ہے اور اس سلسلہ میں وزیر اعلی اور چیف سیکرٹری پنجاب نے تمام کمشنرز اورڈی سی او ز کو بھی واضح ہدایات جاری کر دی ہیں اور تمام اضلاع کے ای ڈی او ہیلتھ سے بھی پولیو کے خاتمے کے لئے انسداد پولیو مہم کی کوریج کے بارے میں سخت مانیٹر کی پالیسی پر عمل کیا جا رہا ہے - خواجہ سلمان رفیق نے عالمی ادارہ صحت کے نمائندے کو یقین دلایا کہ پنجاب میں انسداد پولیو کے لئے نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کو 100 فیصد یقینی بنایا جائے گا ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں