حکومت تاجر برادری کی مشاورت سے ٹیکس اصلاحات کرے‘ سید محمود غزنوی

ٹیکس دہندگان کے اکاؤنٹس تک رسائی اور ایس آر او کلچر کاروباری ماحول کو متاثر کررہا ہے‘ نائب صدر لاہور چیمبر

بدھ 1 اپریل 2015 18:15

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر سید محمود غزنوی نے حکومت پر زور دیا ہے کہ پبلک اور پرائیویٹ سیکٹر کے تعلقات مستحکم بنانے کے لیے ٹیکس اصلاحات متعارف کرائے، فیڈرل بورڈ آف ریونیو کی جانب سے ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور ایس آر کلچر سے کاروباری ماحول پر منفی اثرات مرتب ہورہے ہیں لہذا ایسے اقدامات سے گریز کیا جائے۔

ایک بیان میں سید محود غزنوی نے کہا کہ ترقی یافتہ ممالک میں صنعت و تجارت دوست پالیسیاں تشکیل دینے کے لیے سٹیک ہولڈرز سے مشاورت یقینی بنائی جاتی ہے لیکن ہمارے ہاں اس کا فقدان ہے جس کی وجہ سے کاروباری برادری کے لیے بہت سے مسائل پیدا ہورہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے کہا کہ ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی اور سٹیک ہولڈرز کی مشاورت کے بغیر ایس آر او جاری کرنے کے جیسے اقدامات کی وجہ سے نہ صرف ٹیکس دہندگان کو شدید مشکلات درپیش ہیں بلکہ حکومت کی ساکھ بھی بْری طرح متاثر ہورہی ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ فیڈرل بورڈ آف ریونیو تاجر برادری کی سہولت کے لیے قائم کیا گیا تھا لیکن یہ اپنا حقیقی کردار نہیں نبھا رہا جس کی وجہ سے تاجر برادری اور ایف بی آر کے درمیان عدم اعتماد کی فضا پیدا ہورہی ہے۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نائب صدر نے کہا کہ ایف بی آر کوٹیکس نیٹ کو وسعت دینے اور انڈر انوائسنگ و سمگلنگ پر قابو پانے کے لیے اقدامات اٹھانے چاہئیں لیکن یہ واجبات کی وصولی کے نام پر ٹیکس دہندگان کے بینک اکاؤنٹس تک رسائی حاصل اور ایس آر او کلچر کو فروغ دیکر حالات بگاڑنے میں مصروف ہے۔

سید محمود غزنوی نے کہا کہ مشکلات پیدا کرنے کے بجائے فیڈرل بورڈ آف ریونیو کو ایماندار ٹیکس دہندگان کا شکرگزار ہونا چاہیے جو ٹیکس کی ادائیگی کی صورت میں اپنا قومی فریضہ بہ احسن ادا کررہے ہیں۔ لاہور چیمبر کے نائب صدر نے حکومت پر زور دیا کہ وہ تاجر برادری کی مشاورت سے فوری طور پر ٹیکس اصلاحات متعارف کرائے تاکہ کاروباری فضا بہتر ہو۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں