ٹیوٹا نے فارغ التحصیل نوجوانوں کو یو اے ای ملازمت مہیا کرنے کیلئے انٹرویو سیشن کا آغاز کر دیا

بدھ 1 اپریل 2015 19:14

لاہور (آئی این پی)ٹیکنیکل ایجوکیشن اینڈ ووکیشنل ٹریننگ اتھارٹی (ٹیوٹا) نے اپنے اداروں سے فارغ التحصیل نوجوانوں کو یو اے ای ملازمت مہیا کرنے کیلئے مہارت کی بنیاد پر انٹرویو سیشن کا انعقاد کیا۔ٹیوٹا کے فارن پلیسمنٹ سیل کی جانب سے بیرون ملک بھجوانے کیلئے یو اے ای کی مرکری مینا کمپنی کے تعاون سے فیصل باجوہ کی سربراہی میں سیشن کا انعقاد ٹیوٹا سیکرٹریٹ میں کیا گیا۔

بھرتی کے طے کردہ معیار کے مطابق انٹرویو کیلئے آئے ہوئے 300پاس آؤٹ میں سے 150نوجوانوں کو گزشتہ روزالیکٹریشن ٹریڈ میں شارٹ لسٹ کر دیا گیا۔چیئرپرسن ٹیوٹا عرفان قیصر شیخ نے انٹرویو سیشن کادورہ کرتے ہوئے شارٹ لسٹ نوجوانوں کو مبارکباد پیش کی۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پہلی کھیپ میں شارٹ لسٹ کئے گئے گریجویٹس کو یو اے ای بھجوایا جائے گا جبکہ باقی ماندہ امیدواروں کو بھی آئندہ کھیپ میں مطلوبہ مہارت کے طریق کار کے مطابق منتخب کرتے ہوئے بیرون ملک بھجوایا جائے گا۔

(جاری ہے)

ان امیدواروں کو ابتدائی طور پر 2 سال کے معاہدے پر یو اے ای بھجوایا جائے گا ۔معاہدے کے مطابق کمپنی کی طرف سے ملازمت کرنے والے ٹیوٹا نوجوانوں کودوران سروس مفت ٹرانسپورٹیشن، رہائش، کھانا اور صحت کی دیکھ بھال کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس موقع پر جنرل منیجر آپریشنز حامد غنی انجم، جنرل منیجر اکیڈمکس اظہر اقبال شاد، فارن پلیسمنٹ کنسلٹنٹ ٹیوٹا عامر حسن، ڈائریکٹر ہیومن ریسورس یاسمین مہرالنسا اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

چیئرپرسن ٹیوٹا نے مزید کہا کہ ٹیوٹا فارن پلیسمنٹ سیل اپنے اداروں کے پاس آؤٹس کو بیرون ملک بھجوانے کیلئے رہنمائی فراہم کرے گا۔پاکستان کے پاس بیرون ممالک کو ہنر مند افرادی قوت کی برآمد میں اضافہ کی بے پناہ صلاحیت موجود ہے ۔ ٹیوٹا اپنی تربیت یافتہ افرادی قوت کو بیرون ممالک کمپنیوں میں روزگار کا انتظام کرنے کیلئے روابط مزیدموٴثر کررہی ہے۔ ان اقدمات سے بے روزگاری میں کمی ہو گی اوراس طرح ہنر مند نوجوان ملکی اقتصادی ترقی کے لئے اپنا کردار ادا کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں