غیر قانونی رہائش پذیر 498غیر ملکی طلباء کو ان کے ملک واپس بھجوانے کے لیے رقم فراہم کردی گئی ‘ صوبائی وزیر داخلہ

صوبے میں موجود مدارس کی سوشل سکیورٹی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کا عمل جاری ہے‘ شجاع خانزادہ کی میڈیا سے گفتگو

بدھ 1 اپریل 2015 19:52

غیر قانونی رہائش پذیر 498غیر ملکی طلباء کو ان کے ملک واپس بھجوانے کے لیے رقم فراہم کردی گئی ‘ صوبائی وزیر داخلہ

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا ہے کہ صوبے میں موجود مدارس کی سوشل سکیورٹی ایکٹ کے تحت رجسٹریشن کا سلسلہ جاری ہے ، پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ جیو ٹیگنگ کے ذریعے اب تک 13729مدارس کو رجسٹر کر چکا ہے ۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ صوبہ میں موجود تمام مدارس کو محکمہ تعلیم کے زیر انتظام لانے اور تدریسی سرگرمیاں کے حوالے سے حکومت کی طرف سے جاری کردہ ایس او پی پر عمل درآمد یقینی بنانے کے لیے سفارشات تیار کرلی گئی ہیں۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ صوبہ میں موجود مدارس میں سے صرف چند مدارس غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں جن کے خلاف ثبوت اکٹھے کئے جا رہے ہیں اور مکمل تیاری کے بعد کارروائی کی جائے گی ۔

(جاری ہے)

انہو ں نے کہا کہ صوبہ میں موجود بعض غیر سرکاری تنظیمیں اور بعض یونیورسٹیوں کے لوگ بھی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک کو بیرونی سے زیادہ اندرونی خطرات کا سامنا ہے جس سے نمٹنے کے لئے ہم سب کو متحد ہو کر مقابلہ کرنا ہو گا۔کرنل (ر) شجاع خانزادہ نے کہا کہ اس وقت صوبہ میں 498ایسے غیر ملکی طلبا موجود ہیں جن کے ویزوں کی معیاد ختم ہو چکی ہے اور انہیں ان کے ملک واپس بھجوانے کے لئے رقم فراہم کر دی گئی ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں