عوامی تحریک کنٹونمنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج کریگی‘ چودھری افضل گجر

لاہوریوں سے ووٹ لینے والے انہیں صاف پانی بھی نہ دے سکے ،داتا کی نگری آج ڈاکو راج کے نرغے میں ہے ‘ صدر عوامی تحریک لاہور

بدھ 1 اپریل 2015 20:09

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) پاکستان عوامی تحریک لاہور کے صدر چودھری افضل گجر نے کہا ہے کہ کنٹونمنٹ بلدیاتی انتخابات میں حصہ لینے والے حتمی امیدواروں کے ناموں کا اعلان آج ( جمعرات ) کیاجائیگا،الیکشن کمیشن آف پاکستان کیلئے شفاف اورغیر جانبدارانہ بلدیاتی انتخابات کا انعقاد وقت کی اہم ضرورت ہیں ،وفاقی اور صوبائی حکومت نے اگر بلدیاتی انتخابات میں اثر انداز ہونے کی کوشش کی تو الیکشن کا انعقاد مشکل ہو جائے گا ، ووٹر لسٹ ،حلقہ بندی اور پولنگ سکیم انتخابی حلقوں کی ضرورت کے مطابق بنائی جائے ، پنجاب حکومت نے بلدیاتی الیکشن میں پری پول رگنگ کیلئے ہر رکن صوبائی اسمبلی کو کروڑوں روپے دئیے گئے جوکہ بلدیاتی انتخابات کے نتائج پر اثر انداز ہونے کی نا کام کوشش ہے ،مطالبہ کرتے ہیں کہ الیکشن کمیشن اس کھلی دھاندلی کے خلاف سخت اقدامات اٹھائے ۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں کنٹونمنٹ انتخابات کے حوالے سے پاکستان عوامی تحریک کے ضلعی اور تحصیل سطح کے عہدیداران کے مشاورتی اجلاس میں گفتگو کرتے ہوئے کیا ۔مشاورتی اجلاس کی صدارت پاکستان عوامی تحریک پنجاب کے نائب صدر راجہ زاہد محمود نے کی ،اس موقع پر فیاض وڑائچ،راجہ ندیم،محمد ارشاد طاہر،حافظ غلام فرید ،الطاف رندھاوا اور محمد لطیف مدنی بھی موجود تھے ۔

چودھری افضل گجر نے کہا کہ حکمرانوں نے غریبوں کے منہ سے روٹی کا نوالہ تک چھین لیا ہے ۔آٹا،چینی،گھی کی قیمتیں آسمان کو چھو رہی ہیں ۔گیس اور بجلی غریب کی پہنچ سے دور کر دئیے گئے ہیں۔موسم سرما میں لوڈ شیڈنگ نے جان نہیں چھوڑی اس پر بجلی گیس اور پانی کے نرخوں میں روز بروز اضافہ کیا جا رہا ہے ۔لوڈ شیڈنگ سے ترقی کا پہیہ رک چکا ہے ،بے روزگاری بڑھ رہی ہے۔

لاہوریوں سے ووٹ لینے والے انہیں صاف پانی بھی نہ دے سکے آج لاہور کی ہر مارکیٹ اور گلی میں ڈاکو راج نافذ ہے۔داتا کی نگری آج ڈاکو راج کے نرغے میں ہے ۔قوم کی بے چینی میں بھی اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔عوام حکمرانوں کی نا اہلیوں کے خلاف میدان میں آنے کیلئے بے چین ہیں۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ناقص پالیسیوں نے پنجاب کا بیڑہ غرق کر کے رکھ دیا ہے۔ن لیگی وزراء کی مسلسل ناقص کاکردگی نے بھی نام نہاد جمہوریت کے دعویداروں کو شرمندہ کر کے رکھ دیا ہے ۔

حکمرانوں نے ملک کو اقتصادی بحرانوں کیلئے کچھ نہیں کیا۔انہوں نے کہا کہ پورے ملک کے لوگ حکمرانوں کی ناقص پالیسیوں سے تنگ ہیں لیکن پنجاب کے لوگ کچھ زیادہ ہی بدحالی کا شکا ر ہیں۔پنجاب میں اغوا برائے تاوان کی وارداتوں میں اضافہ اور لاقانونیت بڑھ گئی ہے۔بد امنی ،لوٹ ماراور قتل و غارت گری نے عوام کو عدم تحفظ میں مبتلا کر دیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب کے عوام ن لیگ کو ووٹ دیکر شرمندہ ہیں۔

ملک میں انقلاب سے ہی تبدیلی آ سکتی ہے ۔جعلی مینڈیٹ سے قائم ہونے والی حکومت عوام کے مسائل حل نہ کر سکی۔توانائی بحران ختم کرنے کے دعویدار بحران کے خاتمے کی مدت بڑھانے میں مصروف ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکمرانوں سے مالی مفادات حاصل کرنے والے لوگ ہیں،عوام انکو جان چکے ہیں ان کے چہروں سے پردے اٹھ چکے ہیں ۔بلدیاتی انتخابات میں عوام ان جعلی حکمرانوں کے خلاف فیصلہ دیکردودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کر دینگے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں