آئندہ بجٹ میں سیاحت کی ترقی ، نوجوانوں کو تربیت دینے کے منصوبوں کیلئے خطیر رقم مختص کی جائے ‘ سی ای او کوتھم

سیاحت واحد ایسا شعبہ ہے جس پر حکومت انتہائی کم خرچ کر کے اربوں روپے کی آمدن حاصل کر سکتی ہے‘ احمد شفیق

بدھ 1 اپریل 2015 20:39

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) کالج آف ٹورازم اینڈ ہوٹل مینجمنٹ کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احمد شفیق نے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں آئندہ مالی سال کے بجٹ میں سیاحت کے شعبے کی ترقی اور نوجوانوں کو تربیت دینے کے منصوبوں کیلئے خطیر رقم مختص کریں ، سیاحت واحد ایسا شعبہ ہے جس پر حکومت انتہائی کم خرچ کر کے اربوں روپے کی آمدن حاصل کر سکتی ہے ۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز ایک تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے احمد شفیق نے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد ملک ہے جس کا شاید ہی کوئی ایسا کونہ ہوگا جہاں قدرت کے رنگ دکھائی نہ دیتے ہوں صرف ضرورت اس امر کی ہے کہ اسے دنیا میں روشناس کرایا جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر حکومت سیاحت کے شعبے پر تھوڑی سی توجہ دے تو زراعت سے زیادہ آمدنی حاصل کر سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وفاق اور صوبائی حکومتیں آئندہ مالی سال کے لئے بجٹ کی تیاری میں مصروف ہیں میرا مطالبہ ہے کہ اس میں سیاحت کی ترقی اور خصوصاً نوجوانوں کو تربیت دینے کے منصوبوں کے لئے خطیر رقم مختص کی جائے ۔ انہوں نے پیشکش کی کہ حکومت کو سیاحت کے شعبے کی ترقی کے لئے ہر طرح کی تجاویز اورمدد دینے کے لئے تیار ہیں ۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں