جائیکا نے سمیڈا کی تجویز پر پاکستان میں انرجی ایفی شینسی اینڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کیلئے پانچ جاپانی ماہرین پاکستان بھیج دیئے

بدھ 1 اپریل 2015 22:27

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔یکم اپریل۔2015ء) جاپان انٹر نیشنل کوآپریشن ایجنسی ( جائیکا ) نے سمال اینڈ میڈیم انٹر پرائزز ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سمیڈا ) کی تجویز پر پاکستان میں انرجی ایفی شینسی اینڈ مینجمنٹ پراجیکٹ کیلئے پانچ جاپانی ماہرین پاکستان بھیج دیئے ۔اس ضمن میں سمیڈا ، اور جائیکا کے ممبران پر مشتمل مشترکہ رابطہ کمیٹی کا اجلاس سمیڈا کے صدر دفتر میں سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر محمد عالمگیر چوہدری کی صدارت میں منعقد ہوا جس میں مذکورہ پروگرام پر عملدرآمد کے حوالے سے تشکیل دیئے گئے ورک پلان کا جائزہ لیا گیا۔

اجلاس میں پراجیکٹ لیڈر مسٹر تاکا یاما مہوری ھیتو اور جائیکا پاکستان آفس کی نمائیدہ مس یوکو اینامی نے بھی شرکت کی جبکہ سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر کے ہمراہ اس موقع پر ڈپٹی جنرل مینیجر اشفاق احمد بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

سمیڈا کے چیف ایگزیکٹو آفیسر نے اجلاس سے خطاب کر تے ہوئے مذکورہ پروگرام کیلئے جاپانی ماہرین بھجوانے پر جائیکا حکام کا شکریہ ادا کیا اور حالیہ توانائی بحران کے حوالے سے انرجی ایفی شینسی پروگرام کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران کی وجہ سے پاکستان کا صنعتی شعبہ بری طرح متاثر ہو رہا ہے۔ اگرچہ حکومت پاکستان اس بحران کو ختم کرنے کیلئے جنگی بنیادوں پر کام کر رہی ہے لیکن اس کے باوجود بحران کے مکمل خاتمے کیلئے طویل مدت درکا ر ہے۔ لہٰذاہ توانائی بحران کے مکمل خاتمے تک صنعتی پہیہ کو جاری و ساری رکھنے کیلئے انرجی ایفی شیئنسی اور انرجی مینجمنٹ جیسے پروگراموں کی ضرورت ہے۔

موجودہ حالات میں جبکہ پاکستان میں بجلی اور گیس کی قیمتوں میں سالانہ 10 سے 15فیصدی کی شرح سے مسلسل اضافہ بھی ہوتا جا رہا ہے، ضرورت اس امر کی ہے کہ صنعتی شعبہ کو توانائی کے موء ثر اور فعال استعمال کے جدید طریقوں کے بارے میں آگاہی دی جائے۔انہوں نے امید کی کہ جائیکا کے اشتراک سے شروع کیا جانے والے منصوبہ اس جانب بے حد مدد گار ثابت ہوگا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں