جھنگ سے منتخب خاتون رکن اسمبلی راشدہ یعقوب کاقاتلانہ حملے کے بعد حکومت سے فو ل پروف سکیورٹی دینے کا مطالبہ

جمعرات 2 اپریل 2015 16:29

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں جھنگ سے منتخب خاتون رکن اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ نے قاتلانہ حملے کے بعد حکومت سے فو ل پروف سکیورٹی دینے کا مطالبہ کر دیا ، وزیر قانون مجتبیٰ شجاع الرحمن نے ایوان میں یقین دہانی کراتے ہوئے کہا ہے کہ اس واقعے کی مکمل چھان بین کی جائے گی اور رکن اسمبلی کو جس طرح کی سکیورٹی درکار ہوئی حکومت انہیں مہیا کرے گی ۔

گزشتہ روز پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں نقطہ اعتراض پر بات کرتے ہوئے حکومتی بنچوں سے تعلق رکھنے والی خاتون رکن اسمبلی راشدہ یعقوب شیخ نے کہا کہ میں جس حلقے سے انتخاب جیتی ہوں وہ حساس ترین حلقہ ہے ۔ اکتیس مارچ کی رات میرے اوپر قاتلانہ حملہ ہوا جس میں تین افراد نے میرے گھر پر فائرنگ کی لیکن میرے گن مین موجود تھے جنہوں نے بھرپور مزاحمت کی اور اپنی جان پر کھیل میری حفاظت کی ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ دو سکیورٹی گارڈز ہسپتال میں ڈیتھ بیڈ پر ہیں جن میں سے ایک کو تین جبکہ دوسرے کو تین سے چار گولیاں لگی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس واقعے کے بعد میرے خاندان میں شدید خوف و ہراس پایا جاتا ہے اور میری جان کو خطرات لا حق ہیں ،میں اپنی پارٹی اور اس فورم سے مطالبہ کرتی ہوں کہ میری سکیورٹی کو یقینی بنایا جائے اور میرے ساتھ تعاون کیا جائے۔ قائمقام اسپیکر سردار شیر علی گورچانی نے اس واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صوبائی وزیر قانون مجتبیٰ شجاع الرحمن سے جواب طلب کیا جس پر انہوں نے کہا کہ یہ انتہائی افسوسناک واقعہ ہے ، اس کی ساری تفصیلات لیتے ہیں اور رکن اسمبلی کو جس طرح کی سکیورٹی درکار ہے حکومت کی طرف سے انہیں سکیورٹی مہیا کی جائیگی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں