پاکستان کا مستقبل روشن ہے ، ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ‘ رانا محمد اقبال

جمعرات 2 اپریل 2015 16:58

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔02 اپریل۔2015ء) قائمقام گورنر پنجاب رانامحمد اقبال نے کہا ہے کہ ملک میں دہشت گردی اور انتہا پسندی کی کوئی گنجائش نہیں ہے،ہم انشااللہ دہشت گردی کی لعنت کا ملک سے ہمیشہ کے لیے خاتمہ کر دیں گے،پاکستان کا مستقبل روشن ہے اور حکومت تمام تر مشکلات کے باوجود عوام کے مسائل کو حل کرنے کے لیے وزیراعظم محمد نواز شریف کی قیادت میں پوری تندہی سے عملی طور پر کوشاں ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پنجاب یونیورسٹی میں تین روزہ کتاب میلے کی افتتاحی تقریب کے بعد سے میڈیا سے گفتگو کے دوران کیا ۔قائم مقام گورنر پنجاب نے کہا کہ تعلیم کے بغیر کوئی معاشرہ اور قوم ترقی نہیں کر سکتا۔ہم انشااللہ ملک سے جہالت کا خاتمہ کر کے دم لیں گے۔انہوں نے کہا کہ کتاب بینی انسان کی شخصیت اور سیرت کو اُجالنے اور سنوارنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہے،یہ انسان کی بہترین دوست ہے جس سے کسی بھی خدشے ، نقصان کا اندیشہ نہیں ہوتا ۔

(جاری ہے)

گورنر پنجاب نے کہا کہ علم سے بڑی کوئی دولت نہیں ، اس کی موجودگی آپ کو دیگر دنیاوی دولتوں سے بے نیاز کر دیتی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہی قومیں معاشرتی ، اخلاقی ،اقتصادی اور سیاسی ترقی کے مراحل کو خوش اسلوبی سے طے کرتی ہیں جو علم کی دولت سے مالا مال ہوتی ہیں ۔قائمقام گورنر پنجاب نے کہا کہ اُنہیں یہ دیکھ کر بے حد خوشی محسوس ہو رہی ہے کہ اس کتابی میلے میں طالب علموں کو مختلف موضوعات کی کُتب ایک ہی جگہ سے دستیاب ہوں گی ۔

انہوں نے کہا کہ یہ بات خوش آئند ہے کہ نئی نسل میں بھی کتب بینی کا شوق فروغ پا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ مجھے اس بات سے بڑا اطمینان ہوا ہے کہ وائس چانسلر ڈاکٹر مجاہد کامران کی ذاتی دلچسپی کی وجہ سے اتنے بڑے کتاب میلے کا اہتمام کیا گیا جس میں کتابوں کے 150سے زائدسٹالز لگائے گئے ہیں اور ان سٹالز میں علم و ادب کا بیش بہا خزانہ موجود ہے ۔ انہوں نے اس توقع کا اظہار کیا کہ دیگر یونیورسٹیوں کے وائس چانسلرز بھی اس قسم کے کتاب میلوں کا اہتمام کریں گے تاکہ نئی نسل اس سے زیادہ سے زیادہ مستفید ہو سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں