لاہور میں خواتین کیلئے مخصوص گلابی رکشہ سروس کا آغاز ہوگیا۔

muhammad ali محمد علی جمعرات 2 اپریل 2015 18:44

لاہور (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار . 2 اپریل 2015 ء) صوبہ پنجاب کے شہر لاہور کی سڑکوں پر خصوصی رکشہ سروس شروع ہوئی ہے جس میں سفر کرنے والی اور اسے چلانے والی دونوں خواتین ہیں۔گلابی رنگ کا یہ رکشہ خاص طور پر خواتین کے لیے بنایا گیا ہے جس میں مردوں کو سفر کرنا ممنوع ہوگا۔ لاہور میں ابتدائی طور پر 25 گلابی رکشہ چلائے جا رہے ہیں جن کی تعداد میں بتدریج اضافہ کیا جائے گا۔

خواتین کے لیے گلابی رکشہ متعارف کرانے والی زار اسلم کا کہنا ہے کہ یہ اپنی نوعیت کی پہلی سروس ہے جو صرف اور صرف خواتین ہی کیلئے مخصوص ہے۔زارا اسلم نے بتایا کہ گلابی رکشہ سروس کا آغاز کرنےکا خیال ان کو ان خواتین کو دیکھ کر آیا جن کو دفتر اور تعلیمی اداروں تک پہنچنے کے لیے شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑتا ہے۔

(جاری ہے)

کئی مرتبہ لڑکیوں کو مرد رکشہ ڈرائیور ہراساں کرنے کی کوشش کرتے ہیں جس کے باعث لڑکیاں عام رکشے میں اکیلے سفر کرنے سے گھبراتی ہیں۔

ان نئے رکشوں سے ان خواتین اور لڑکیوں کی زندگی آسان ہوگی جو اپنی ملازمت اور پڑھائی کے لیے پبلک ٹرانسپورٹ کا استعمال کرتی ہیں۔ زارا اسلم کے مطابق گلابی رکشہ میں صرف خواتین رکشہ ڈرائیوروں کو ہی ترجیح دی جائے گی۔ اس منصوبے سے نہ صرف خواتین کو روزگار ملےگا بلکہ وہ اس کے ذریعے محفوظ سفر کر سکیں گی۔گلابی رکشہ بنانے کے لیے ایک کمپنی سے معاہدہ کیا گیاہے جو ان کی ضرورت کو مدنظر رکھتے ہوئے رکشے تیار کر رہی ہے۔

زارا اسلم نے بتایا ہے کہ پنک رکشہ بالکل ایک منی کار جیسا ہےجو شہر میں چلنے والے دیگر رکشوں سے مختلف ہے کیونکہ اس میں دراوزے ہیں اور اس میں خاص طورپر خواتین کے لیے پنکھے لگوائے گئے ہیں۔ زارا اسلم کا مزید کہنا تھا کہ اپنی نوعیت کے ان منفرد رکشوں کی رجسٹریشن کے لیے لاہور ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے ساتھ معاملات طے ہوگئے ہیں جس کے بعد رکشوں کی رجسٹریشن کے علاوہ رکشہ چلانے والی خواتین کو مختلف نوعیت کی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

گلابی رکشہ چلانے کی خواہش مند خواتین کو سے باقائدہ انٹرویو لیا جاتا ہے اور منتخب ہونے والی خواتین کو رکشہ چلانے اور اس کی مرمت کرنے کی تربیت دی جاتی ہے جو 15 دنوں سے ایک ماہ تک محیط ہوتی ہے اسکے علاوہ خواتین رکشہ ڈرائیوروں کو باقائدہ ڈرائیونگ لائسنس بھی دلوائے جائیں گے۔ سروس کی شروعات میں آسان سڑکوں کا انتخاب کیا گیا ہے اور خواتین ڈرائیورز کو لاہور شہر کی مختلف شاہراروں کے بارے میں آگاہی دی جائے گی۔

گلابی رکشہ کی قیمت آسان قسطوں میں کی جائے گی تاہم اس بات کی خصوصی نگرانی کی جائے گی کہ خواتین کی بجائے ان کے گھر کے مرد تو یہ رکشہ نہیں چلا رہے۔اس سلسلے میں خواتین ڈرائیور سے ہر ماہ ملاقات کی جائے گی ، ان کے تجربہ پر تبادلہ خیال کیا جائے گا تاکہ ان کو پیش آنے والی مشکلات کا حل نکالا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں