پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ مہنگائی کا باعث بنے گا‘ ملک طاہر جاوید

جمعہ 3 اپریل 2015 17:08

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسوسی ا یشن فرنٹ(پیاف ) کے چیئرمین ملک طاہر جاوید نے پیٹرول اور ڈیزل کی حالیہ قیمتوں میں اضافہ پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافہ ہوشربا مہنگائی کا باعث بنے گا ،پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بین الاقوامی سطح میں کمی کے مطابق پاکستان میں کمی نہیں کی گئی تھی اس لیے حالیہ پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کا جواز نہ تھا ،پٹرولیم مصنوعات میں اضافہ کو بنیاد بنا کر عنقریب فیول ایڈجسٹمنٹ چارجز کی مد میں بجلی کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے جو صنعتکاروں اور تاجروں پر مزید بوجھ ہوگا ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے سینئر وائس چیئرمین خامس سعید بٹ اور وائس چئیرمین امجد علی جاوا کے ساتھ صنعتکاروں کے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات ٹریڈ، بزنس، اور انڈسٹریزمیں بنیادی حیثیت رکھتی ہیں ان کی قیمتوں میں تھوڑاسا اضافہ بھی مختلف شعبہ جات میں گہرا اثر ڈالتا ہے ۔انہوں نے کہا کہ اشیاء کی ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقلی ،مصنوعات کی ترسیل اور کارگو سیکٹر میں کرایوں میں اضافہ ہونے سے اشیاء مہنگی ہو جاتی ہیں جس سے صنعت کار، تاجر برادری اورعام لوگ متاثر ہو تے ہیں۔

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ عا لمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں کمی ہورہی ہے مگر حیران کن بات یہ ہے کہ پاکستان میں اس کے برعکس مزید اضافہ کردیا گیا ہے ۔ا نہوں نے کہا کہ وزیراعظم نے قبل ازیں پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ کی مخالفت کی تھی اور عوام دوست فیصلہ کیا تھا جسے سراہا گیا تھا اس بار بھی عوام اس بات کی توقع کرتی ہے کہ پہلے کی طرح اب بھی اضافہ نہ کیا جائے۔انہوں نے حکومت سے مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کے حالیہ اضافہ کو فی الفور واپس لیا جائے تاکہ صنعت کاروں ، تاجر برادری اور عام لوگوں کو اس پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں