وزیراعلیٰ شہباز شریف کی زیرصدارت صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس،کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان کی شرکت

دہشت گردی کے خاتمے کی جنگ ہر محاذ پر لڑینگے، دہشت گردوں کیساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی صفایا کریں گے‘ شہبازشریف

جمعہ 3 اپریل 2015 17:50

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں صوبائی ایپکس کمیٹی کا اجلاس منعقد ہوا جس میں کور کمانڈر لاہور لیفٹیننٹ جنرل نوید زمان، صوبائی وزیر داخلہ کرنل (ر) شجاع خانزادہ، چیف سیکرٹری، ڈی جی رینجرز پنجاب میجر جنرل عمر فاروق برکی، جنرل آفیسر کمانڈنگ 10 ڈویژن میجر جنرل عامر عباسی، انسپکٹر جنرل پولیس، سیکرٹری داخلہ اور ایپکس کمیٹی کے دیگر ممبران نے شرکت کی۔

اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان کے تحت اٹھائے جانے والے اقدامات پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا اور انسداد دہشت گردی کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا گیا۔اجلاس میں دہشت گردی کے خلاف نیشنل ایکشن پلان پر مزید موثر اور تیز رفتاری سے مربوط اقدامات پر اتفاق کیا گیا اور دہشت گردی، انتہاپسندی و فرقہ واریت کے مکمل خاتمے کے عزم کا بھی اعادہ کیا گیا۔

(جاری ہے)

وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب میں نیشنل ایکشن پلان کے تحت انسداد دہشت گردی کیلئے اٹھائے جانے والے اقدامات نتیجہ خیز ثابت ہو رہے ہیں۔ انسداد دہشت گردی کیلئے جدید انفارمیشن ٹیکنالوجی سے استفادہ کیا جا رہا ہے۔ پنجاب کے سکولوں، کالجوں اور یونیورسٹیوں کے ساتھ مدارس کے نصاب میں برداشت، رواداری، بھائی چارے اور تحمل کے عنوانات پر مبنی اضافی مضامین متعارف کرائے جا رہے ہیں اور اس ضمن میں صوبہ بھر میں تقریری اور مضمون نویسی کے مقابلے منعقد کرانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ دہشت گردی ، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف پوری قوم یکسو ہے۔دہشت گردی، انتہاپسندی اور فرقہ واریت کے خلاف جنگ ہر محاذ پر لڑی جائے گی۔انہوں نے کہا کہ پاک افواج دنیا کی بہترین تربیت یافتہ اور ڈسپلنڈ فورس ہے۔ پاک افواج کے افسران، جوانوں، پولیس افسروں، اہلکاروں اور عام شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بے مثال قربانیاں دی ہیں جن پرپوری قوم کو بجاطورپر فخر ہے۔

اقوام عالم میں ایسی لازوال قربانیوں کی کوئی مثال نہیں ملتی، شہداء کی عظیم قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی ۔ انہوں نے کہاکہ معاشرے کے ہر طبقے کو دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا ہے اورہر محاز پر دہشت گردوں اوران کے سہولت کاروں کو شکست فاش دینا ہے ۔ دہشت گردوں کے ساتھ ان کے سہولت کاروں کا بھی چن چن کر خاتمہ کریں گے۔

دہشت گرد ملک و قوم کے دشمن ہیں، ان کا خاتمہ کرکے دم لیں گے۔ انہو ں نے کہا کہ پاکستان کو محفوظ اور پرامن ملک بنانا ہر پاکستانی کا مشن ہے۔ سفاک درندوں کو پاکستان میں کہیں سر چھپانے کی جگہ نہیں ملے گی۔ اجلاس کو بریفنگ کے دوران بتایا گیا کہ پنجاب میں مدارس کی جیوٹیگنگ کا عمل مکمل ہو چکا ہے اور نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد کے حوالے سے تمام متعلقہ ادارے مربوط کوآرڈینیشن کے تحت کام کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں