جی سی یونیورسٹی میں بانی پرنسپل ڈاکٹر لائٹنر کے اعزاز میں تقریب

ہنگری آرٹسٹوں کی شاندار پرفارمنس،ہنگری سفیر کا پاکستانی طلباء کا 80سکالر شپس دینے کا اعلان

جمعہ 3 اپریل 2015 20:18

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء)گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں گزشتہ روز ہنگری سفارتخانے کے تعاون سے151سالہ قدیم گورنمنٹ کالج لاہور کے بانی پرنسپل اور ہنگری نیشنل پروفیسر ڈاکٹر جی ڈبلیو لائٹنر کے اعزاز میں تقریب کا انعقاد۔اس موقع پر بخاری آڈیٹوریم میں ڈاکٹر جی ڈبلیو لائٹنر کی یادگاری تختی بھی نصب کی گئی جس کا افتتاح صوبائی وزیرِ خزانہ میاں مجتبیٰ شجاع الرحمان ،ہنگری کے سفیر استوان زابو، اعزازی قونصل جنرل مہتاب محی الدین ، وائس چانسلر ڈاکٹر محمد خلیق الرحمن اور پروفیسر رفیع چیئر ڈاکٹر محمد ذکریا بٹ نے کیا۔

جبکہ اس موقع پر وائس چانسلر یو ای ٹی ڈاکٹر فضل احمد خالد، صدر مسلم لیگ ن لاہور ایم این اے پرویز ملک اور اولڈ راوئینز اور طلباء کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں ہنگری کے سفیر استوان زابو نے گورنمنٹ کالج یونیورسٹی سمیت پاکستان بھر کے طلباء کے لیے ہنگری حکومت کی جانب سے80سکالر شپس دینے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ثقافت کی کوئی زبان نہیں ہوتی اور نہ اسے کسی ویزے کی ضرورت ہوتی ہے اس حوالے سے ہنگری سفارتخانے نے جی سی یو میں میوزیکل ایونٹ کا بھی انعقاد کیا ہے جس میں ہنگری کے نامور آرٹسٹ پرفارم کر رہے ہیں۔

تقریب سے خطاب میں صوبائی وزیر مجتبیٰ شجاع الرحمٰن نے کہا کہ ڈاکٹر لائٹنر نے برصغیر میں جدید تعلیم کی بنیاد رکھی اور حکومت پاکستان ہنگری سے مضبوط سفارتی ، تجارتی اور ثقافتی تعلقات کو فروغ دینے کی خواہاں ہے۔ وائس چانسلر جی سی یو ڈاکٹر خلیق الرحمٰن نے کہا کہ ڈاکٹر لائٹنر نے گورنمنٹ کالج میں مضبوط تدریسی و تحقیقی روایات کی بنیاد رکھی اور یہ انہی کی محنت کا سفر ہے کہ اس تعلیمی ادارے نے علامہ محمد اقبال ،ڈاکٹر عبدالسلام ، پروفیسر ہرگوبند کھرانہ اور فیض احمد فیض جیسے نابغہ روزگار افراد پروان چڑھائے۔

ڈاکٹر خلیق الرحمن نے اعلان کیا کہ جی سی یو کے کالا شاہ کاکو کیمپس کی مرکزی عمارت کو لائٹنر کے نام سے منسوب کیا جائے گا۔ اس موقع پر نامور آرٹسٹوں نے پرفارم بھی کیا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں