انارکلی بازار میں دکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے چھ افراد ملبے تلے دب گئے

ٹریفک جام ہونے اور انار کلی بازار میں تجاوزات کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا

جمعہ 3 اپریل 2015 22:14

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء )انارکلی بازار میں دکان کی بوسیدہ چھت گرنے سے چھ افراد ملبے تلے دب گئے جنہیں ایک گھنٹے کی کوشش کے بعد ملبے کے نیچے سے نکال کر میو ہسپتال منتقل کردیا گیا ، ٹریفک جام ہونے اور انار کلی بازار میں تجاوزات کے باعث امدادی ٹیموں کو جائے وقوعہ پر پہنچنے میں شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ، وزیر اعلیٰ پنجاب نے نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر کے زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی ہدایات جاری کر دیں۔

تفصیلات کے مطابق معروف تجارتی مرکز انار کلی بازار میں واقع ایک دکان کی بوسیدہ چھت زور دار دھماکے سے نیچے آ گری جس سے وہاں موجود چھ افراد نیچے دب گئے ۔ چھت گرنے کی اطلاع ملتے ہی قریبی تاجر فوری موقع پر پہنچ گئے جنہوں نے اپنی مدد آپ کے تحت ملبہ ہٹانے کا کام شروع کر دیا جبکہ امدادی ٹیموں کو ٹریفک جام ہونے اور تجاوزات کے باعث جائے وقوعہ پر پہنچنے میں شدید مشکلات درپیش رہیں۔

(جاری ہے)

ڈی سی او لاہور کیپٹن (ر) محمد عثمان ، رکن اسمبلی ماجد ظہور ،اے سی سٹی عاصم سلیم دیگر موقع پر پہنچ گئے اور امدادی کارروائیوں کی نگرانی کی ۔ ڈی سی او کے مطابق عمارت بوسیدہ تھی اور اسکی اوپر والی چھت کا ملبہ گرانے کا کام جاری تھا کہ حادثہ ہوگیا ۔ انہوں نے عمارت گرائے جانے کے باوجود کاروبارجاری رکھنے کے سوال کے جواب میں کہا کہ اسکے جو بھی ذمہ داران ہیں انکے خلاف مقدمہ درج کرایا جائے گا۔

تاجروں اور امدادی ٹیموں نے چھ افراد کو ملبے کے نیچے سے نکال کر میو ہسپتال منتقل کر دیا ۔ بلڈنگ انسپکٹر داتا گنج بخش ٹاؤن اصغر چٹھہ نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمارت کے بوسیدہ ہونے کے حوالے سے مالک کو نوٹس جاری کیا جا چکا ہے ۔ وزیرا علیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے رپورٹ طلب کر لی ہے جبکہ زخمیوں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات کی فراہمی کی بھی ہدایات جاری کی ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں