لاہور،جنرل ہسپتال میں مخیر حضرات کے تعاون سے واٹر فلٹریشن پلانٹ نے کام شروع کردیا

جمعہ 3 اپریل 2015 22:39

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔03 اپریل۔2015ء) جنرل ہسپتال میں مخیر حضرات کے تعاون سے مریضوں اور ان کے لواحقین کی سہولت کے لیے واٹر فلٹریشن پلانٹ نے کام شروع کردیا۔ انجمن بہبودی مریضاں کے مالی تعاون سے مکمل ہونے والے اس منصوبے پر 20 لاکھ روپے لاگت آئی۔ مذکورہ واٹر فلٹریشن پلانٹ ایک گھنٹے میں دو ہزار گیلن تک پینے کا صاف پانی فراہم کرے گا۔

یہ بات پرنسپل پوسٹ گریجویٹ میڈیکل انسٹی ٹیوٹ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے گذشتہ روز ایل جی ایچ میں ایک انتظامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ اجلاس میں میڈیکل سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر سعید صہوبن، انجمن بہبودی مریضاں کے عہدیداران اور دیگر سینئر ڈاکٹرز موجود تھے۔ پروفیسر انجم حبیب وہرہ نے بتایا کہ نئے واٹرفلٹریشن پلانٹ کی تنصیب سے مریضوں اور ان کے لواحقین کے علاوہ ہسپتال ملازمین کو بھی پینے کے صاف پانی کی سہولت میسر آئے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ فلٹریشن پلانٹ کے پانی کی فراہمی کا ایک پوائنٹ شعبہ آوٴٹ ڈور جبکہ دوسرا نیورو سرجری بلاک میں نصب کیا جائے گا تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد اس سہولت سے مستفید ہوسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ہسپتال کے احاطہ میں موجود تمام خالی جگہوں پر پودے اور گھاس لگائی جائے گی جس کا مقصد ہسپتال کے ماحول کو قدرتی خوبصورتی کے ذریعے بہتر بنانا ہے۔ انہوں نے کہاکہ مریضوں کو علاج معالجے کی بہتر سہولیات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ان سے وابستہ لواحقین اور ہسپتال کے عملے کی بنیادی ضروریات کا خیال رکھنا ہسپتال انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ (محمد سلیمان)

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں