کوچ کے خراب رویے کی داستانیں منظرعام پر آنے لگیں

ہفتہ 4 اپریل 2015 12:58

کوچ کے خراب رویے کی داستانیں منظرعام پر آنے لگیں

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء) ورلڈکپ میں وقار یونس کے خراب رویے کی داستانیں منظرعام پر آنے لگیں،کئی کرکٹرز ہیڈکوچ کے رویے سے خوش نہیں تھے،سابق کرکٹر ارشد خان بھی اس کا انکشاف کر چکے۔تفصیلات کے مطابق ورلڈکپ کے آغاز سے قبل ہی آل راوٴنڈر محمد حفیظ کی انجری کو جواز بناکر انھیں وطن واپس بھجوا دیا گیا تھا،انھوں نے پاکستان آکر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ چند روز میں فٹ ہوسکتا تھا لیکن مینجمنٹ نے نہ کھلانے کا فیصلہ کیا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق محمد حفیظ نے صبح سویرے پریکٹس سیشن رکھنے کے حوالے سے سوال اٹھائے تھے جو ہیڈکوچ وقار یونس کو ناگوار گزرے،سرفراز احمد کو ابتدائی 4میچز اور یونس خان کو کوارٹرفائنل سے باہر رکھنے کے فیصلے بھی سخت تنقید کی زد میں آئے ، ایک کھلاڑی کا کہنا تھا کہ سابق کپتان چند منظور نظر کھلاڑیوں کے سوا دیگر تمام سے امتیازی سلوک روا رکھتے ہیں، اس وجہ سے ڈریسنگ روم کا ماحول خراب ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

ان کے ماضی میں شاہد آفریدی سمیت سینئرز سے اختلافات ہوئے تھے لیکن انھوں نے اپنی غلطیوں سے سبق نہیں سیکھا اور ایک بار پھر اسی ڈگر پر چل رہے ہیں،سابق کپتان اپنی انا کی وجہ سے تنقید برداشت نہیں کرتے اور خود کو زیادہ بااختیار بنانے کیلیے سینئرز کو دیوار سے لگانے کی کوشش کررہے ہیں،دوسری جانب ناقص پرفارمنس کے باوجود ورلڈکپ میں وہ ناصر جمشید سمیت بعض کھلاڑیوں کی بے جا حمایت کرتے رہے،انھیں صرف ہاں میں ہاں ملانے والے پلیئرز ہی پسند آتے ہیں، بورڈ کو وطن واپسی پر ہیڈکوچ کے رویے کا نوٹس لینا چاہیے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں