ایسٹر کے موقع پر ملک بھرمیں سکیورٹی کے فول پروف انتظامات ہوں گے‘ یوحنا آباد کے علاو ہ پورے ملک کے گرجاگھروں میں سخت حفاظتی انتظامات کا ایکشن پلان ترتیب دیا گیا

وفاقی وزیر بندرگاہیں و جہاز رانی کامران مائیکل کابیان

ہفتہ 4 اپریل 2015 21:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔04 اپریل۔2015ء )وفاقی وزیر بندرگاہیں و جہاز رانی کامران مائیکل کل ( اتوار ) ایسٹر کی دعائیہ تقریبات کو انتہائی سادگی کے ساتھ یوحنا آباد کے متاثرین کے ساتھ منائیں گے ،اس موقع پر وفاقی وزیر کے ہمراہ سیاسی و سماجی اکابرین بھی شرکت کریں گے۔ وفاقی وزیر نے مختلف مکاتب فکر کے علماء کو بھی دعائیہ تقریب میں شرکت کی دعوت دی ہے ۔

کامران مائیکل نے اپنے بیان میں کہا کہ ایسٹر پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کرنے کے لیے ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔ یوحنا آباد کے علاو ہ پورے ملک کے گرجاگھروں میں سخت حفاظتی انتظامات کا ایکشن پلان ترتیب دے دیا گیا ہیں۔ وفاقی وزیر نے ایسٹر کے موقع پر اپنا پیغام دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ایسٹر باالخصوص پاکستان کے عوام اور باالعموم اقوام عالم کے لیے فلاح ، امن اور آشتی کا پیغام لے کر آیا ہے۔

(جاری ہے)

کامران مائیکل کا کہنا تھا خدا وند یسوع المسیح نے اپنی پوری زندگی امن کے لیے وقف کر دی اور ان کا احترام مسلمان اور تمام اہل کتاب بھی اُسی طرح کرتے ہیں جس طرح مسیح کرتے ہیں۔وفاقی وزیر نے کہا کہ کل پورے پاکستان کے گرجا گھروں میں عبادتی اوقات کے دوران ملک کے استحکام ، امن اور سلامتی کے لیے دعائیں کی جائے گی۔ کامران مائیکل نے کہا کہ انھوں نے پورے پاکستان کے پادریوں سے درخواست کی ہے کہ مسلم امہ کے استحکام کے لیے اور سعودی عرب یمن بحران کے خاتمے اور پر امن حل کے لیے بھی خصوصی دعائیں کی جائیں۔ وفاقی وزیر کل یوحنا آباد میں میڈیا سے بھی گفتگو کریں گے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں