مخدوش عمارات کے بارے ابتدائی سروے 15 دن میں مکمل کرنے کا حکم

مون سون بارشوں کے دوران چھتیں گرنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع پلان بنایا جائے‘خضر حیات گوندل

پیر 6 اپریل 2015 20:31

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔06 اپریل۔2015ء ) چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے مخدوش عمارات اور مون سون بارشوں کے دوران چھتیں گرنے کے واقعات کی روک تھام کے لئے جامع اور موثر پلان مرتب کرنے کے لئے ہدایت کی ہے۔سول سیکرٹریٹ میں مخدوش عمارات کے حوالے سے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے چیف سیکرٹری نے تمام ڈویژنل کمشنر کو ہدایت کی کہ صوبہ بھر میں مختلف شہروں میں مخدوش عمارات کی نشاندہی کے حوالے سے ابتدائی سروے 15 دن میں مکمل کیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ عوام کی جان ومال کا تحفظ حکومت کی اولین ذمہ داری ہے۔اس لئے عمارات گرنے کے واقعات کے تدارک کے لئے عملی اقداما ت کئے جارہے ہیں۔انہوں نے ہدایت کی کہ مون سون پلان میں خطرناک قرار دی جانے والی عمارات کے حوالے سے اقدامات کو خصوصی طور پر مدنظر رکھا جائے اور عمارات کو مخدوش قرار دینے کے حوالے سے باقاعدہ فریم ورک تیار کیا جائے۔

(جاری ہے)

چیف سیکرٹری نے متعلقہ حکام کو بلڈنگ کنٹرول کے حوالے سے تجاویز مرتب کرنے کی ہدایت بھی کی۔انہوں نے کہا کہ عمارات میں فائر سیفٹی اور ایمرجنسی ایگزٹ کی موجودگی یقینی بنائی جائے۔اجلاس میں خواجہ احمد حسان ،ڈی جی ایل ڈی اے،کمشنر لاہور،ڈی سی او لاہور،ڈی سی او فیصل آباد،ملتان ڈویلپمنٹ اتھارٹی اور گوجرانوالہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے نمائندوں اور متعلقہ حکام نے شرکت کی۔

بعدازاں چیف سیکرٹری پنجاب خضر حیات گوندل نے سول سیکرٹریٹ میں چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے خراب موبائل ویٹرنری یونٹس کو فوری طور پر فنکشنل کرنے کی ہدایت کی۔چیف سیکرٹری نے محکمہ صحت کو ڈی ایچ کیو فورٹ عباس میں لیڈی ڈاکٹرز کی کمی کے مسئلے کو حل کرنے کے لئے اقدامات کرنے کا حکم بھی دیا۔چیف سیکرٹری نے کہا کہ لائیو سٹاک چولستان کے لئے ریڑھ کی حیثیت رکھتا ہے اس لئے لائیو سٹاک کی بہتری کے لئے خصوصی اقدامات کئے جائیں۔

انہوں نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ چولستان ڈویلپمنٹ اتھارٹی کی ایس این ای آسامیوں کو مستقل کرنے کے حوالے سے اقدامات کئے جائیں۔اجلاس میں ایم این اے فیاض الدین ، ایم پی اے میاں محمد اسلام اسلم ، ایم پی اے خالد محمود ججہ، سابق ایم این اے سعود مجید ، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو ، محکمہ پلاننگ اینڈ ڈویلپمنٹ، صحت ، لائیو سٹاک اینڈ ڈیری ڈویلپمنٹ کے سیکرٹریز اور کمشنر بہاولپور نے شرکت کی-

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں