کھلاڑیوں کی فیلڈنگ کسی دوائی سے نہیں بلکہ محنت کرنے سے ٹھیک ہوگی‘ محمد حفیظ

منگل 7 اپریل 2015 17:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) قومی کرکٹ ٹیم کے آل راؤنڈر محمد حفیظ نے کہا ہے کہ کھلاڑیوں کی فیلڈنگ کسی دوائی سے نہیں بلکہ محنت کرنے سے ٹھیک ہوگی،فی الوقت ٹیم کا مسئلہ نمبرز نہیں بلکہ آئی سی سی رینکنگ ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے ،بولنگ ٹیسٹ کو کلیئر کرنے کے لئے پانچ ماہ تک بہت محنت کی ہے اور امید ہے کہ 9اپریل کو چنائی میں ہونے والے ٹیسٹ میں میرا بولنگ ایکشن کلیئر ہوجائے گا ،بنگلادیش کبھی آسان حریف نہیں رہا اور نہ ہی اس میں کوئی شک کی بات ہے کہ انہوں نے ورلڈ کپ میں ثابت کیا کہ وہ ایک بہتر ٹیم بن رہی ہے ۔

لاہور میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے محمد حفیظ نے کہا کہ ایکشن کے آئی سی سی کے قوانین کے مطابق بنانے کی بھرپور کوشش کر رہا ہوں اور آئندہ چند روز میں ہونے والا ٹیسٹ عوام کی دعاؤں سے کلیئر کرلوں گا تاہم بولنگ میں کوئی نئی چیز سیکھنے کی کوشش نہیں کی، بولنگ جیسے پہلی تھی اب بھی ویسے ہی ہے اور کبھی دوسرا، تیسرا یا چوتھا کی پریکٹس نہیں کی۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ گزشتہ کچھ عرصے میں قومی ٹیم کے کھلاڑیوں نے اپنے کھیل کو بہتر کیا اور دورہ بنگلادیش میں ٹیم اتحاد کے ساتھ بہتر نتائج دے گی، فیلڈنگ اور بولنگ میں بہتری کے لئے نوجوان کھلاڑیوں کے ساتھ محنت کر رہا ہوں تاہم مارکیٹ میں کوئی ایسی دوائی نہیں جو پلیئر کو کھلائیں اور ان کی فیلڈنگ ٹھیک ہوجائے۔محمد حفیظ کا کہنا تھا کہ ٹیم میں کبھی بھی کپتانی کا مسئلہ نہیں رہا، اظہر علی بہت اچھے کپتان ہیں جنہوں نے اپنے آپ کو منوایا ہے اس لئے انہیں سپورٹ کرنے کی ضرورت ہے، فی الوقت ٹیم کا مسئلہ نمبرز نہیں بلکہ آئی سی سی رینکنگ ہے جسے بہتر کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ قومی ٹیم نئے لڑکوں کے ساتھ بنگلادیش کے خلاف سیریز کے لئے جائے گی، بنگلادیش کبھی آسان حریف نہیں رہا اور نہ ہی اس میں کوئی شک کی بات ہے کہ انہوں نے ورلڈ کپ میں ثابت کیا کہ وہ ایک بہتر ٹیم بن رہی ہے تاہم پاکستان نے بھی 1999 کے بعد جہاں بھی بنگلادیش کے ساتھ میچ کھیلا جیت کر دکھایا لہٰذاس سیریز میں بھی اچھے نتائج لے کر آئیں گے۔

انہوں نے ایک سوال کے جواب میں بتایا کہ ٹریننگ کیمپ میں شاہد آفریدی اور مصباح الحق کی کمی محسوس ہوئی ہے لیکن ہر کسی نے ریٹائر ہونا ہے اور امید ہے کہ نوجوان کھلاڑی ہم سے بھی بہتر ہوں گے ۔پاکستان میں کرکٹ کا کافی ٹیلنٹ ہے ۔نوجوان کھلاڑیوں نے پہلے ڈومیسٹک اور پھر انٹرنیشنل سطح پر پرفارمنس دکھائی ہے اور امید ہے کہ ٹیم بہتر سے بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرے گی ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں