محکمہ جنگلات کی قبضہ شدہ اراضی واگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ

وزیراعلیٰ کی زیرصدارت اعلیٰ سطح کا اجلاس، قبضہ شدہ اراضی کا ایک ایک انچ واگزار کرائیں گے‘ شہبازشریف

منگل 7 اپریل 2015 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء)وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی زیرصدارت یہاں اعلیٰ سطح کا اجلاس منعقد ہوا جس میں قبضہ کی گئی محکمہ کی جنگلات کی اراضی کو قبضہ مافیا سے واگزار کرانے کیلئے گرینڈ آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس کے دوران متعلقہ حکام کو ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات کی قبضہ کی گئی اراضی کے ساتھ بعض شہروں میں صوبائی حکومت کی زمین پر ہونے والے قبضے بھی چھڑانے کیلئے فوری اور سخت اقدامات کئے جائیں اورقبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے۔

انہوں نے کہا کہ سرکاری اراضی کا ایک ایک انچ قبضہ مافیا سے واگزار کرائیں گے اوراس ضمن میں بلاامتیاز آپریشن ہوگا۔ وزیراعلیٰ نے جنگلات سے درخت چوری کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کا حکم دیتے ہوئے ہدایت کی کہ ایسے عناصر کے خلاف بھی فوری قانون حرکت میں لایا جائے اور درخت چوری کی روک تھام کیلئے حفاظتی انتظامات پر خصوصی توجہ دی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ہدایت کی کہ محکمہ جنگلات صوبے بھر میں اپنی اراضی کے مستند ڈیٹا کو یقینی بنانے کیلئے جی آئی ایس میپنگ کرائے اور اس ضمن میں متعلقہ اداروں کی مدد سے فوری اقدامات کئے جائیں۔ وزیراعلیٰ نے مزید ہدایت کی کہ قبضہ مافیا سے واگزار کرائی جانے والی محکمہ جنگلات کی اراضی پر بھرپور انداز میں شجرکاری کی جائے اور میدانوں کے ساتھ پہاڑی علاقوں میں بھی نئے درخت لگائے جائیں۔

انہوں نے کہا کہ شجرکاری سے ماحولیاتی آلودگی کم کرنے میں مدد ملے گی اور ماحول کی خوبصورتی میں اضافہ ہوگا جبکہ درختوں میں اضافے کے ساتھ اس صنعت سے وابستہ افراد کیلئے روزگار کے بھی نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ نئے درخت لگانے کے ساتھ ان کی حفاظت کے حوالے سے بھی جامع پلان مرتب کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب بھر میں شجرکاری کی مہم کو ایک مشن سمجھ کر آگے بڑھایا جائے اور اس ضمن میں جتنے بھی وسائل درکار ہوں گے، فراہم کروں گا۔

وزیراعلیٰ نے چیف سیکرٹری کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دینے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ یہ کمیٹی دو ہفتے میں صوبہ بھر میں شجرکاری کا جامع پلان پیش کرے گی۔ سیکرٹری محکمہ جنگلات نے اراضی پر ہونے والے قبضے چھڑانے کے حوالے سے اقدامات پر بریفنگ دی اور بتایا کہ اس ضمن میں باقاعدہ پلان مرتب کر لیا گیا ہے۔ قائم مقام سپیکر پنجا ب اسمبلی شیر علی گورچانی، صوبائی وزیر خزانہ مجتبیٰ شجاع الرحمن، وزیر جنگلات محمد آصف ملک، پارلیمانی سیکرٹری برائے جنگلات میاں فدا حسین، اراکین اسمبلی رانا ثناء اللہ، منشاء اللہ بٹ، چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو اور متعلقہ سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں