فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے‘ شہبازشریف

زراعت و لائیوسٹاک کو فروغ دے کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جاسکتا ہے ، روزگار کے نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں وزیراعلیٰ پنجاب کی زیرصدارت اجلاس،زراعت اور لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کی ترقی کے حوالے سے اقدامات کا جائزہ

Zeeshan Haider ذیشان حیدر منگل 7 اپریل 2015 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف کی زیرصدارت یہاں اجلاس منعقد ہوا جس میں صوبے میں زراعت اور لائیوسٹاک و ڈیری ڈویلپمنٹ کے شعبوں کی ترقی کے حوالے سے اقدامات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پنجاب کے شعبہ زراعت اور لائیوسٹاک میں بے پناہ پوٹینشل موجود ہے۔

(جاری ہے)

زراعت اور لائیوسٹاک کے شعبوں کو پائیدار بنیادوں پر فروغ دے کر قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکتا ہے اور روزگار کے ہزاروں نئے مواقع پیدا کئے جا سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان زراعت اور لائیوسٹاک کے حوالے سے دنیا کا ایک بڑا ملک ہے۔ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ کاشتکاروں کو فارمنگ کے جدید طریقوں سے روشناس کرایا جائے۔ فارمنگ میں جدت لا کر کاشتکاروں کو ان کی محنت کا بہتر معاوضہ مل سکتا ہے۔ سیکرٹری زراعت نے زرعی شعبہ کی ترقی کے حوالے سے بریفنگ دی۔ معاون خصوصی لائیوسٹاک چوہدری ارشد جٹ، سیکرٹریز خزانہ، توانائی، لائیوسٹاک، کوآپریٹو اور متعلقہ حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں