وزیراعلیٰ شہبازشریف نے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعداد میں اضافے کی منظوری دے دی

منگل 7 اپریل 2015 18:36

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ عوام کو صحت عامہ کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے انقلابی نوعیت کی اصلاحات کی جارہی ہیں،بہترین طبی سہولتوں کی فراہمی پر اربوں روپے صرف کیے جارہے ہیں،عوام کو معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہر طرح کے وسائل حاضر ہیں،وزیراعلیٰ نے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعداد میں اضافے کی منظوری دیتے ہوئے محکمہ صحت کو ہدایت کی ہے کہ رواں مالی سال میں عالمی معیار کے مزید موبائل ہیلتھ یونٹس خریدنے کیلئے فوری اقدامات اٹھائے جائیں۔

وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف یہاں ویڈیولنک کے ذریعے سول سیکرٹریٹ میں اعلی سطح کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے ۔جس میں موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں موبائل ہیلتھ یونٹس میں طبی سہولتیں بڑھانے کا فیصلہ بھی کیا گیا۔وزیراعلیٰ نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ موبائل ہیلتھ یونٹس پنجاب کے دوردرا ز کے علاقوں میں عوام کو معیاری طبی سہولتیں فراہم کررہے ہیں ،اس لئے موبائل ہیلتھ یونٹس کی تعداد میں اضافہ ضروری ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ لوگ ان سے استفادہ کرسکیں۔

وزیراعلیٰ نے ہدایت کی کہ نئے موبائل ہیلتھ یونٹس میں طبی سہولتوں کی زیادہ سے زیادہ فراہمی یقینی بنائی جائے ۔ موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی جانچنے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ انتہائی ضروری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی اعلی معیار کی سہولتوں کی فراہمی کا جائزہ لینے کیلئے تھرڈ پارٹی آڈٹ باقاعدگی سے ہونا چاہیے۔موبائل ہیلتھ یونٹس کے ذریعے عوام کو مزید ادویات اورطبی سہولتیں فراہم کی جائیں۔

موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی جانچنے کیلئے مانیٹرنگ کا جدید نظام اپنایا جائے ۔انہوں نے کہا کہدوردراز کے گاوٴں سے مریض کو موبائل ہیلتھ یونٹ تک لانے یا ہسپتال منتقل کرنے کا بھی مناسب بندوبست ہونا چاہیے۔سیکرٹری صحت پنجاب نے موبائل ہیلتھ یونٹس کی کارکردگی کے حوالے سے بریفنگ دی۔مشیر صحت خواجہ سلمان رفیق،چیف سیکرٹری، اراکین اسمبلی ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا،قاضی عدنان فرید،امانت علی خان شادی خیل،متعلقہ سیکرٹریز اوراعلی حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں