خواجہ آصف کی ناجائز دولت نے ان کا سیاسی ہاضمہ خراب کردیا ہے ‘ تحریک انصاف پنجاب

عمران خان کے خلاف بازاری زبان استعمال کرنا (ن) لیگیوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے‘ اعجاز چوہدری ، یاسمین راشد

منگل 7 اپریل 2015 20:56

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔07 اپریل۔2015ء) پاکستان تحریک انصاف پنجاب کے صدر اعجاز احمد چوہدری اور جنرل سیکرٹری پنجاب ڈاکٹر یاسمین راشد نے کہاہے کہ خواجہ آصف کی ناجائز دولت نے ان کا سیاسی ہاضمہ خراب کردیا ہے ،اس عمر میں بھی وہ بہکی بہکی باتیں کررہے ہیں ،عمران خان کے خلاف بازاری زبان استعمال کرنا (ن) لیگیوں کا ہمیشہ وطیرہ رہا ہے ،نوازشریف خواجہ آصف ، عابد شیر علی کو پٹہ ڈال کر رکھیں ، انہوں نے کہاکہ خواجہ آصف جیسے کم ضرف لوگ اپنی زندگی میں نہیں دیکھے ،خواجہ آصف کی اسمبلی کے اندر شرانگیز تقریرکے ذمہ دارنوازشریف ہیں، پیپلزپارٹی کا اسمبلی کے اندر رویہ مثبت تھا، وہ گذشتہ روز پنجاب آفس میں صوبے بھر سے آئے ہوئے عہدیداروں اور کارکنوں سے ملاقات کے موقع پر گفتگو کررہے تھے، انہوں نے مزید کہاکہ (ن) لیگ آٹھ ماہ تک کہتی رہی کہ جوڈیشل کمیشن نہیں بنائیں گے لیکن تحریک انصاف اور عوامی دباؤ کے نتیجے میں (ن) لیگ گھٹنے ٹیکنے پر مجبور ہوئی ، جوڈیشل کمیشن کا قیام عوام کی فتح اور (ن) لیگ کی شکست ہے ، اسمبلی کے اندر (ن) لیگ ، ایم کیو ایم ، اے این پی اور مولانا فضل الرحمان کی تحریک انصاف پر تنقید ان کی بیمار ذہنیت کی عکاسی کرتی ہے ،یہ ٹولہ اپنے چوروں کو بچانے کے لئے چور مچائے شور کی پالیسی پر عمل پیرا ہے ، تحریک انصاف کا اسمبلی کے اندر واپس جانا منافق ٹولے کی رات کی نیندیں حرام ہو چکی ہیں ،تحریک انصاف اسمبلیوں کے اندر اور باہر مضبوط اپوزیشن کا رول اور منافق ٹولے کو بے نقاب کرتی رہے گی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں