بجلی گیس قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ مہنگائی بڑھے گی‘چیئرمین پیاف

بدھ 8 اپریل 2015 14:28

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) پاکستان انڈسٹریل اینڈ ٹریڈرز ایسو سی ایشن فرنٹ(پیاف)کے چئیرمین ملک طاہرجاوید نے کہا ہے کہ حکومت کی جانب سے آئی ایم ایف کے مطالبہ پر آئندہ مالی سال سے بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی یقین دہانی سے صنعتکاروں پر اضافی بوجھ پڑے گا۔بجلی گیس قیمتوں میں اضافہ سے پیداواری لاگت میں اضافہ اور ملک میں مہنگائی بڑھے گی۔

انہوں نے کہا کہ صنعتیں بجلی گیس کی لوڈ شیڈنگ اور ٹیکسوں میں اضافہ سے پہلے ہی متاثرہورہی ہیں اسی لیے 2014-15 کیلئے جی ڈی بی کا ہدف حاصل نہیں کیا جاسکا ہے۔اگر حکومت آئندہ مالی سال کیلئے اقتصادی ترقی کی شرح4.3%حاصل کرنا چاہتی ہے توتوانائی بحران کا خاتمہ کیا جائے اور صنعتوں کو مسلسل سستی بجلی و گیس فراہم کی جائے تب ہی اقتصادی ترقی کے اہداف حاصل کیے جاسکتے ہیں ۔

(جاری ہے)

ملک طاہر جاوید نے کہا کہ بجلی پر شرح نمو کے 30فیصد سبسڈی کم کرنے سے 90ارب روپے کا مزید بوجھ عوام پر پڑے گا جبکہ بجلی کے نقصانات اور سرکلر ڈیٹ کی مدمیں وصولیاں اس کے علاوہ ہونگی جبکہ صنعتی مقاصد کیلئے گیس کی قیمتوں میں وقتاً فوقتاً پہلے ہی بے پناہ اضافہ کیا جاچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی مفاد کو مدنظر رکھتے ہوئے آئی ایم ایف سے مزید قرضوں کے حصول کیلئے ان کی شرائط پر بجلی و گیس کی قیمتوں میں اضافہ نہ کیا جائے۔ ورنہ قیمتوں میں متوقع اضافہ سے مہنگائی میں ہو شربا اضافہ ہو جائے گا اور انڈسٹری مقابلے کی دوڑ سے باہر ہو جائے گی۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں