جنوبی افریقہ ،پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی گنجائش ہے ،ملکر اقدامات اٹھانے چاہئیں‘ ہائی کمشنر

بدھ 8 اپریل 2015 17:33

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) جنوبی افریقہ کے ہائی کمشنر پینڈولو جیلے نے کہا ہے کہ جنوبی افریقہ اور پاکستان کے درمیان تجارتی و معاشی تعاون کو فروغ دینے کی بہت گنجائش ہے لہٰذا اس سلسلے میں دونوں ممالک کو مل کر اقدامات اٹھانے چاہئیں۔ وہ لاہور چیمبر میں منعقدہ اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ لاہور چیمبر کے سینئر نائب صدر میاں نعمان کبیر نے بھی اس موقع پر خطاب کیا۔

ہائی کمشنر نے کہا کہ جنوبی افریقہ کے تاجر پاکستان میں موجود تجارتی مواقعوں سے اچھی طرح آگاہ اور یہاں سرمایہ کاری کی خواہش رکھتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان مختلف شعبوں میں جنوبی افریقہ کی مہارت سے بھرپور فائدہ اٹھاسکتا ہے۔انہوں نے اجلاس کے شرکاء کو آگاہ کیا کہ بہت سی پاکستانی کمپنیاں پہلے ہی جنوبی افریقہ کے مختلف حصوں میں بڑی کامیابی سے کام کررہی ہیں، جنوبی افریقہ معدنیات سے مالامال ہے اور سرمایہ کاروں کی حوصلہ افزائی کررہا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور جنوبی افریقہ کان کنی، سٹیل، آٹو، کیمیکلز، پلاسٹک اور انجینئرنگ کے شعبوں میں باہمی تعاون کو فروغ دے سکتے ہیں۔ لاہور چیمبر کے صدر اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ پاکستان کی جنوبی افریقہ کو برآمدات میں اضافہ نہیں ہورہا جبکہ مجموعی تجارت بھی بڑھنے کے بجائے کم ہوتی جارہی ہے لہذا دونوں ممالک کو اس جانب توجہ دینی چاہیے۔

اعجاز اے ممتاز نے کہا کہ افریقہ ایک بہت بڑی مارکیٹ ہے جو پاکستانی تاجروں کے لیے بہت فائدہ مند ثابت ہوسکتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجارتی وفود کا تبادلہ اور سنگل کنٹری نمائشوں کا انعقاد باہمی تجارت کے فروغ میں بہت اہم کردار ادا کرسکتا ہے۔ انہوں نے دونوں ممالک کے چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے درمیان تجارتی معلومات کے تبالے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے صدر نے لاہور چیمبر کے ساتھ بہترین تعاون کرنے پر جنوبی افریقہ کے سفارتخانے کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں