صنعتی اداروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں 5گھنٹے مزید اضافہ تشویشناک ہے ‘ سستی بجلی کے حصول کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے‘ صدرگرائنڈنگ ملز ایسویسی ایشن افتخار بشیر

بدھ 8 اپریل 2015 19:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔08 اپریل۔2015ء) تاجر رہنما و صدر گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن پاکستان چوہدری افتخار بشیرایگزیکٹو ممبر لاہور چیمبرآف کامرس نے صنعتی اداروں میں بجلی کی لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں 5گھنٹے مزید اضافہ پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بدترین لوڈشیڈنگ کے باعث صنعتی ادارے پہلے ہی بحران کا شکار ہیں اب اس لوڈشیڈنگ کے دورانیہ میں مزید 5 گھنٹے اضافہ انہیں بحران میں مبتلا کردے گا ۔

انہوں نے کہا کہ توانائی بحران نے صنعتی شعبے کے ساتھ ساتھ پورے ملک کو اپنی لپیٹ میں لیا ہوا ہے ۔اس لیے بجلی بحران کے خاتمہ کیلئے تمام دستیاب وسائل استعمال میں لائے جائیں اور سستی بجلی کے حصول کے لیے کالا باغ ڈیم کی تعمیر پر اتفاق رائے پیدا کیا جائے۔ پن بجلی توانائی بحران کے خاتمہ اور سستی بجلی کے حصول کا آسان ذریعہ ہے ،مہنگی بجلی سے صنعتکاروں کے ساتھ ساتھ عوام بھی پریشانی کا شکار ہیں ،اب مزید آئی ایم ایف کو بجلی اور گیس کی قیمتوں میں اضافہ کی یقین دہانی کی خبروں سے سرمایہ کار پریشانی کا شکار ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گرائنڈنگ ملز ایسوسی ایشن کے عہدیداران کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتخار بشیر نے کہا کہ کالا باغ ڈیم تعمیر نہ ہونے کی وجہ سے ملک میں سالانہ اربوں روپے کا نقصان ہورہا ہے چھوٹے ڈیم بنا کر پانی اور توانائی کے بحران کو کسی حد تک کم کیا جاسکتا ہے لیکن توانائی بحران کے خاتمہ کیلئے کالا باغ ڈیم کی تعمیر ناگزیر ہے ، کالاباغ ڈیم کا منصوبہ سستی ترین بجلی کے حصول اور زراعت کی ترقی کا باعث بنے گا۔

پاکستان کا مستقبل زراعت کی ترقی سے وابستہ ہے جب زراعت ترقی کرے گی تو صنعت کو وافر خام مال مہیا ہوگا اور چمنیوں سے نکلنا شروع ہوجائے گا ۔6.1ملین فٹ پانی کا ذخیرہ کرنے والے کالا باغ ڈیم کی تعمیر سے ملک میں صنعتی ترقی کے ایک نئے دور کا آغاز ہوگا۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں