انسداد ڈینگی مہم میں تعاون نہ کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے خلاف سخت کارروائی ہوگی‘ لبنیٰ فیصل

جمعرات 9 اپریل 2015 14:00

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔09 اپریل۔2015ء)رکن صوبائی اسمبلی لبنیٰ فیصل نے کہا ہے کہ صفائی کی ناقص صورتحال کے حامل اور انسداد ڈینگی مہم میں تعاون نہ کرنے والے نجی تعلیمی اداروں کے مالکان کے خلاف ایف آئی آر سمیت سخت کارروائی عمل میں لائی جائے گی، گھروں ، سکولوں اور معاشرے میں ڈینگی کے تدارک کو صرف سخت مانیٹرنگ ، مربوط ، مشترکہ اور نان سٹاپ کوششوں سے ہی یقینی بنایاجاسکتا ہے۔

انہوں نے یہ بات اسسٹنٹ کمشنر کینٹ راؤ افتخار کے ہمراہ ٹاؤن ایمرجنسی ریسپانس کمیٹی برائے انسداد ڈینگی کینٹ اور والٹن کنٹونمنٹ بورڈز کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ ڈپٹی سیکرٹری ہائر ایجوکیشن نعمان جمیل، ڈی ڈی او ہیلتھ کینٹ ڈاکٹر آصف اقبال، سینئر انٹامالوجسٹ ڈاکٹر انعام الحق ، ڈی ایچ اے ، آرمی ایریاز، محکمہ صحت، تعلیم، فشریز، کوآپریٹوسمیت متعلقہ محکموں کے نمائندوں اور تعلیمی اداروں کے سربراہان نے اجلاس میں شرکت کی۔

(جاری ہے)

مختلف محکموں کے نمائندوں نے رواں ہفتے میں انسداد ڈینگی مہم کے دوران ان ڈور و آؤٹ ڈور سرویلنس ، ریڈالرٹ اور ہائی رسک ایریاز میں لاروا کی افزائش ختم کرنے کیلئے کلین سویپ سرگرمیوں ، آگاہی سیمینارز ، پمفلٹس کی تقسیم و دیگر اقدامات سے اجلاس کو آگاہ کیا۔ ایم پی اے لبنیٰ فیصل نے کہاکہ میاں میر کالونی سمیت مختلف علاقوں میں بعض نجی تعلیمی اداروں میں صفائی کی صورتحال تسلی بخش نہیں جبکہ یہ تعلیمی ادارے اینٹی ڈینگی ٹیموں اور متعلقہ عملے کو صفائی کی صورتحال کے معائنے میں تعاون کی بجائے لاپروائی اور مزاحمت کر رہے ہیں۔

راؤ افتخار نے کہاکہ بچوں کی صحت سے کھیلنے اور ڈینگی لاروا کی افزائش کا سبب بننے ان تعلیمی اداروں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔لبنیٰ فیصل نے کہا کہ حکومت پنجاب فروغ تعلیم کیلئے نجی تعلیمی اداروں کے کردار کو سراہتی ہے تاہم اینٹی ڈینگی ریگولیشنز پر عملدرآمد نہ کرنے والے تمام نجی و سرکاری اداروں کے خلاف بلاتفریق کارروائی عمل میں لائی جائے گی تاکہ ڈینگی کے حوالے سے کسی بھی ممکنہ جانی نقصان سے محفوظ رہا جاسکے۔

اسسٹنٹ کمشنر کینٹ راؤ افتخار نے متعلقہ اداروں کو ہدایت کی کہ بے موسمی بارشوں کی وجہ سے ڈینگی لاروا کی افزائش کے ممکنہ خطرات کے پیش نظر بارش کا پانی کھڑا نہ ہونے دیں۔ تعلیمی اداروں میں ڈینگی کے حوالے سے زیرو پیریڈ کا انعقاد یقینی بنایا جائے اور لوگوں خصوصاً خواتین کو ڈینگی کے خطرات اور بچاؤ کی تدابیر و صفائی ستھرائی کی اہمیت سے باقاعدہ آگاہی فراہم کی جائے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں